لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان یونس خان اور سعید اجمل کو پی سی بی میں اہم ذمے داریاں دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ سعید اجمل کا پاکستانی سینئر ٹیم کے ساتھ اسپن بالنگ کوچ کے طور پر تقرر کیا جائے گا جب کہ یونس خان جونیئر کرکٹ ٹیم اور مختلف ایج گروپوں کی ٹیموں کی ترویج کے معاملات کے حوالے سے ذمے داریاں ادا کریں گے۔ اس سلسلے میں پاکستان کرکٹ بورڈ نے دونوں کرکٹرز کو عہدوں کی بھی پیش کش کر رکھی ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یونس اور سعید اجمل کی جانب سے مشروط رضامندی ملنے کے بعد اب یہ بات پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ ذکا اشرف کے پاس رکی ہے کہ وہاں سے منظوری ملنے کے بعد دونوں کوکٹرز کے تقرر کا باضابطہ اعلان کردیا جائے گا۔دوسری جانب سعید اجمل اور یونس خان دونوں پاکستان کرکٹ بورڈ کے ساتھ مل کر کام کرنے پر راضی ہیں، تاہم انہوں نے مطالبہ سامنے رکھا ہے کہ انہیں مکمل اختیارات، اچھا معاوضہ اور لانگ ٹرم کنٹریکٹ دیا جائے۔