پاکستان سمیت دنیا بھر میں ماہ مبارک رمضان شروع ہوچکا ہے اور زیادہ تر افراد رمضان المبارک میں روزوں کے دوران کوئی محنت طلب کام کرنے کے بجائے ہر وقت آرام کرنے کو زیادہ ترجیح دیتے ہیں۔
اس بار پاکستان میں رمضان المبارک کا آغاز ایک ایسے وقت میں ہوا جب کہ موسم زیادہ گرم نہیں ہے، البتہ بلوچستان سمیت مختلف علاقوں میں بارشوں اور ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے انفلوئنزا سمیت دیگر بیماریاں پھیلنے کا خدشہ ہے۔
قدرے ٹھنڈے موسم میں رمضان المبارک آنے کے باوجود زیادہ تر افراد دن بھر روزے میں رہنے کے بعد افطار کے وقت ٹھنڈے مشروب اور چکنائی سے بھرپور غذائیں جیسا کہ پکوڑے اور رول وغیرہ کھانے کو ترجیح دیں گے جو کہ بعض پیچیدگیوں کا سبب بن سکتے ہیں۔
ماہرین غذائیت اور صحت کا کہنا ہے کہ رمضان المبارک کے دوران خصوصی طور پر ادھیڑ عمر اور زائد العمر افراد زیادہ ٹھنڈی، گرم اور چکنائی سے بھرپور غذائیں کھانے سے گریز کریں۔