لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے کوچز کی تلاش کے لیے اشتہار جاری کردیا۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق پی سی بی نے ریڈ اور وائٹ بال کرکٹ کے لیے پہلی بار الگ الگ کوچز کے حوالے سے درخواستیں طلب کی ہیں۔ اشتہار کے مطابق پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کوچ کی حیثیت سے کام کرنے کے خواہش مند کے لیے بین الاقوامی، ڈومیسٹک اور فرنچائز کرکٹ ٹیموں کے ساتھ کام کا کم از کم 5 سالہ تجربہ لازمی درکار ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے اپنے اشتہار میں لیول ٹو کوچنگ کورس کی ڈیمانڈ کرنے کے ساتھ وضاحت بھی کی ہے کہ لیول تھری یا اس سے زیادہ کوچنگ کرسز کے حامل خواہش مند کو ترجیحاً دیکھا جائے گا۔ کوچ کے لیے کھلاڑیوں کو ٹریننگ دینے، انگریزی بولنے اور لکھنے کی خوبی بھی اضافی صلاحیت سمجھی جائے گی۔
پی سی بی کے اشتہار کے مطابق درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 15 اپریل رکھی گئی ہے، اس میں پاکستانی اور غیر ملکی کوچز دونوں اپنی درخواستیں جمع کرانے کے اہل ہیں۔

