ڈیلاس:ٹی 20 ورلڈ کپ کے 7 ویں میچ میں نیپال کو نیدرلینڈز کے ہاتھوں 6 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق گروپ ڈی کے میچ میں نیپال کی جانب سے 107 رنز کا دیا گیا ٹارگٹ نیدرلینڈز کی ٹیم نے 18.4 اوورز میں پورا کرلیا اور اس کے 4 کھلاڑی آؤٹ ہوئے تھے۔
میکس او ڈاؤڈ نے 54 رنز کی نقابل شکست اننگز کھیلی۔ وکرم جیت سنگھ 22 اور سائبرینڈ اینجلبرچٹ 14 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔باس دی لیڈ 11، اسکاٹ ایڈورڈ 5 اور مائیکل لیوٹ صرف ایک رن ہی بناسکے۔ نیپال کی طرف سے سومپال کامی، ابھیناش بوہارا اور دپیندرا سنگھ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
قبل ازیں نیدرلینڈز نے ٹاس جیت کر پہلے بالنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ نیپال کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 19.2 اوورز میں 106 رنز بناکر پویلین لوٹ گئی تھی۔
روہت پاڈیل 35، کرن کے سی 17، سومپال کامی 14، انیل ساہ 11 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ انکے علاوہ کوئی بھی نیپالی بیٹر ڈبل فگرز میں داخل نہ ہوسکا۔ نیدرلینڈز کی طرف سے ٹم پرنگل اور لوگن وین بیک نے 3، 3،پال وین میکرین اور باس دی لیڈ نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔
