نیویارک: ٹی 20 ورلڈ کپ کے تیرہویں میچ میں آئرلینڈ کو کینیڈا کے ہاتھوں 12 رنز سے شکست ہوگئی۔
آئی سی سی کے میگا ایونٹ میں آئرلینڈ کی ٹیم کو 138 رنز کا ہدف ملا تھا، جس کا تعاقب کرتے ہوئے اس نے 20 اوورز میں 125 رنز بنائے اور اس کے 7 کھلاڑی آؤٹ ہوئے۔ مارک ایڈیئر 34 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ اینڈی بیلبرنی 17، لورکن ٹکر 10، کپتان پال اسٹرلنگ 9، ہیری ٹیکٹر 7، کرٹس کیمفر 4 اور گیریتھ ڈیلنے 3 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ جارج ڈاکریل 30 اور بیری مک کارتھی 2 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ پویلین لوٹے۔
کینیڈا کی جانب سے جیرمی گورڈن اور ڈِلن ہیلیگر نے 2، 2 جبکہ کپتان سعد بن ظفر اور جنید صدیقی نے 1، 1 وکٹ حاصل کی۔
قبل ازیں آئرلینڈ کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے کینیڈا نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 137 رنز اسکور کیے۔ نکلس کرٹن 49 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ وکٹ کیپر بیٹر شریاس مووا 37، پراگت سنگھ 18، ایرون جانسن 14، دلپریت باجوہ 7، نونیت دھالیوال 6 اور ڈِلن ہیلیگر بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔
آئرلینڈ کی جانب سے بیری مک کارتھی اور کریگ ینگ نے 2، 2 جبکہ گیریتھ ڈیلنے اور مارک اڈیئر نے 1، 1 کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

