لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سابق ٹیسٹ کرکٹر محمد وسیم کو قومی ویمن کرکٹ ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کردیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق قومی ویمنز ٹیم کے کوچنگ اسٹاف کو بھی تبدیل کردیا گیا ہے۔
پی سی بی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق سابق ٹیسٹ کرکٹر عبدالرحمان اسپن بولنگ کوچ ، جنید خان اسسٹنٹ کوچ ، حنیف ملک فیلڈنگ کوچ، حنا منور کو پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کا منیجر مقرر کیا گیا ہے۔
آئندہ ماہ ہونے والے اے سی سی ویمن ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ 2024 کی تیاری کے لیے کراچی میں ویمنز ٹیم کے کیمپ کا آغاز کردیا گیا ہے، 4 روزہ کیمپ میں 28 کھلاڑی شریک ہوں گے جب کہ اس دوران 2 پریکٹس میچ بھی کھیلے جائیں گے۔
واضح رہے کہ سابق ٹیسٹ کرکٹر محمد وسیم 2020 سے 2022 کے دوران قومی سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین بھی رہ چکے ہیں۔

