پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے کپتان بابراعظم کو تبدیل کرنے سے متعلق ابھی کوئی فیصلہ نہیں ہوا،کپتان کو تبدیل کرنے سے متعلق تمام کوچز اور سابق کرکٹرز فیصلہ کریں گے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی کا کہنا تھا کہ کبھی کوئی فیصلہ غصے میں نہیں کرتے، جلد بازی کے فیصلے اکثر نقصان دہ ہوتے ہیں ،ہیڈ کوچ گیری کرسٹن نے رپورٹ جمع کروادی ہے، رپورٹ میں ٹی20 ورلڈکپ کی کارکردگی سے متعلق تفصیل سے بتایا ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ جو کھلاڑی پریشر برداشت نہیں کرسکتا،اس کی ٹیم میں جگہ نہیں ہے، جو ڈومیسٹک میں پرفارمنس دیگا وہی ٹیم میں جگہ کا حقدار ہوگا،سلیکشن کمیٹی میں جس نے غلط فیصلے کیے انکا احتساب ہوگا، سب سے بڑا ٹارگٹ یہ ہے کہ قومی ٹیم کی منفی کارکردگی کو بہتر کیسے بنایا جائے، کرکٹ اور پی سی بی کو بہتر بنانے کی کوشش کررہا ہوں۔
چیئرمین پی سی بی نے مزید کہا کہ خراب کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کے سینٹرل کنٹریکٹ کا پوسٹ مارٹم کیا جائے گا۔ جو انٹرنیشنل کھلاڑی ڈومیسٹک نہیں کھیلے گا دوبارہ قومی ٹیم میں نہیں آسکے گا ،پی سی بی کے اندر لوگ دکھاتے کچھ ہیں اور گراؤنڈ میں سچائی کچھ اور ہوتی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ہیڈ کوچ گیری کرسٹن اور اظہر محمود کو بات چیت کے لیے بلا لیا ہے، کرکٹ کی بہتری کے لیے مشورے لے رہے ہیں، ان سابق کرکٹرز کے ساتھ رابطے میں ہوں جو کرکٹ کو بہتر کرنا جانتے ہیں، پاکستانی کرکٹرز کے ساتھ شائقین کرکٹ بدتمیز کریں گے تو نتائج کے ذمہ دار وہ خود ہوں گے۔

