کراچی (اسپورٹس رپورٹر) : قومی کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کمیٹی سے وہاب ریاض اور عبدالرزاق کو فارغ کیے جانے کے بعد اب ٹیم کے مینیجر منصور رانا کو بھی عہدے سے ہٹادیا گیا۔ ذرائع کے مطابق تینوں ذمے داران میں نظم وضبط نام کی کوئی چیز ٹیم میں نہیں دیکھی گئی اور شکایات کی تصدیق کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا۔ اس سے قبل پی سی بی نے وہاب ریاض اور عبدالرزاق کے سلیکشن کمیٹیوں سے الگ کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھاکہ دونوں کی سلیکشن کمیٹی میں خدمات درکار نہیں ہیں۔ پی سی بی اعلامیے کے مطابق سلیکشن کمیٹی کے حوالے سے مزید اپ ڈیٹس بعد میں فراہم کی جائیں گی۔ ذرائع کے مطابق وہاب اور رزاق نے کچھ کھلاڑیوں کی غیر ضروری طرفداری کی اور جن کھلاڑیوں کی حمایت کی گئی ان ہی کارکردگی صفر بٹا صفر رہی، جن کرکٹرز کی ان دونوں نے حمایت کی دیگر سلیکٹرز نے مخالفت کی تھی۔ محمد یوسف اور اسد شفیق فی الحال بطور سلیکٹر کام جاری رکھیں گے ذرائع کے مطابق کسی سینئر کرکٹر یا بیورو کریٹ کو اب قومی ٹیم کا نیا منیجر بنایا جاسکتا ہے۔ ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ چیئرمین محسن نقوی نے تحقیقات مکمل کرنے پر اقدامات کا فیصلہ کیا۔ واضح رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کمیٹی میں 4 سابق کرکٹرز وہاب ریاض، عبدالرزاق، اسد شفیق اور محمد یوسف شامل تھے ۔
