پیرس(اسپورٹس ڈیسک)بیلجیم کے سائیکلسٹ جیسپر فلپسن نے ٹو ر ڈی فرانس سائیکل ریس کا 10واں مرحلہ جیت لیا۔ اسپین سے ٹورڈی فرانس سائیکل ریس کے 111ویں ایڈیشن کا آغاز ہوچکا ہے جس میں دنیا کی سائیکلنگ کی 22ٹیموں کے نامور سائیکل سوار ٹائٹل کے حصول کے لئے کوشاں ہیں۔ ٹو ر ڈی فرانس سائیکل ریس کے 10ویں مرحلے میں سائیکل سواروں نے فرانس میں اورلینز سے سینٹ امنڈمونٹرونڈ تک کا 187.3 کلو میٹر فاصلہ طے کرنا تھا،26 سالہ بیلجیم کے سائیکلسٹ جیسپر فلپسن نے عمدہ سائیکلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے یہ فاصلہ 4گھنٹے 20منٹ اور6 سیکنڈز میں طے کرکے پہلی پوزیشن حاصل کی۔اریٹیریاکے سائیکل سوار بینیم جرمے نے دوسری جبکہ30 سالہ جرمنی کے سائیکل سوار پاسکل ایکرمین نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔سلووینیا کے سائیکلسٹ تڈیج پوگاآر نے چوتھا مرحلہ جیتنے کے ساتھ ساتھ ایکواڈور کے سائیکل سوار سے یلو جرسی چھین لی تھی جس پر ان کا تاحال قبضہ برقرار ہے۔
