English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ : شکست کے اسباب اور حل

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بدترین شکست کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ بڑی ڈھٹائی سے اپنے چیئرمین کے عہدہ پر براجمان ہیں اور بجائے مستعفی ہونے کے ٹیم اور مینجمنٹ میں اکھاڑ پچھاڑ میں لگے ہوئے ہیں۔ پاکستان کرکٹ ٹیم نے حالیہ آئی سی سی مختصر ایونٹ میں جس طرح قوم اور شائقین کو کیا ہے وہ ان کے ڈوب مرنے کا مقام ہے۔ امریکا اور ویسٹ انڈیز میں یکم جون سے شروع ہونے والا میگاا یونٹ اور 29جون کو فائنل کے انعقاد کے بعد پرنٹ، الیکٹرانک اور سوشل میڈیا میں بھانت بھانت کی بولیاں بولی جارہی ہیں اور اصل بات پر حاصل سہل گفتگو نہیں ہوپارہی۔ امریکا اور بھارت سے شکست کے بعد گو کہ گرین شرٹس نے 2 میچوں میں کامیابی حاصل کی مگر وہ کسی کام کی نہ تھی ۔ قوم اور شائقین نے امریکا اور بھارت سے شکست کھانے کے بعد بابر اعظم الیون سے کسی امید کی توقع نہیں رکھی اور ہر ہر جگہ و سطح پر ٹیم کو تھو تھو کا سامنا کرنا پڑا مگر لگتا ہے کہ چیئرمین، ٹیم مینجمنٹ سمیت قومی کرکٹرز غیرت و قومی ہمیت سے نااشنا ہیں یا مال کی ہوس نے ان کو ہر لحاظ سے سوچ و فکر سے آذاد کردیا ہے۔ قارئین کو یاد ہو کہ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے قبل جب ٹیم کا چنائو ہورہا تھا اور کپتان کو تبدیل کیا جارہا تھا تو کرکٹ کے پنڈتوں نے بھانپ لیا تھا کہ آگے کچھ اچھا نہیں ہونے والا۔ مگر شرم وحیا نام کی چیز نہ چیئرمین پی سی بی اور نہ ہی کپتان میں اس وقت نظر نہیں آئی جب وہ دعوی کررہے تھے کہ قوم ٹیم پر تنقید نہ کرے ۔ تھوڑا سا انتظار کرلے، ایک ماہ یا 4ہفتے ٹیم نتائج نہ صرف بہتر دے گی بلکہ وہ کپ بھی جیت کر آئے گی۔ اس بیان میں ترشی بھی واضح تھی۔ بہرحال لنگڑی لولی ٹیم میدان میں اتری اور دنیا نے دیکھ لیا کہ سبز ہلالی پرچم کی حرمت پر اپنی ناقص کارکردگی اور جھوٹے دعوے کرکے کس طرح تذلیل کا نشانہ بنایا گیا۔ ٹیم پہلے ہی رائونڈ کے 4میچز کھیلنے کے بعد وطن لوٹ گئی۔ ہونا تو یہ چاہیے تھا کہ بڑے بڑے دعوے کرنے والا چیئرمین فوری مستعفی ہوجاتا اور اس سے پہلے ٹیم کے کھلاڑیوں کو بھی گرائونڈ کردیتا۔ اب بھی وقت ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے سرپرست کی حیثیت سے وزیر اعظم فوری ایکشن لے کر از خود یہ کارروائی عمل میں لائیں اور کاکول سے لے کر نیٹ پریکٹس اور بعد میں ڈریسنگ روم میں جو بدنظمی اور کھلاڑیوں کی چپقلش کی داستانیں سامنے آئی ہیں اس کی تحقیقات کرائی جائے اور ذمے داران کو انصاف کے کٹہرے میں لاکر قرار واقعی سزا دی جائے ۔ امید ہے قوم اس کے بعد کرکٹ سے دوبارہ وابستگی کا اظہار کرے گی ورنہ کرکٹ کے مداح اب اس کھیل سے نفرت کرنے لگے ہیں۔

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے