
ڈارون(اسپورٹس ڈیسک )پاکستان شاہینز نے اپنے بلے بازوںکی شاندار کارکردگی کی بدولت بنگلا دیش اے کے خلاف پہلے4 روزہ میچ کے پہلے دن اپنی پہلی اننگز میں 375 رنز بنائے تھے اور اس کے صرف 2 کھلاڑی آؤٹ ہوئے۔ پہلے دن کھیل کی خاص بات محمد ْہریرہ کی شاندار سنچری تھی۔ وہ 161 رنز بناکر ناٹ آؤٹ ہیں۔ انہوں نے پہلی 3 وکٹوں کے لیے صاحبزادہ فرحان، عمرامین اور کامران غلام کے ساتھ سنچری شراکت داری بھی قائم کی۔ ڈارون کے ڈی ایکس سی ایرینا میں کھیلے جانے والے اس میچ میں بنگلادیش اے نے ٹاس جیت کر پاکستان شاہینز کو بیٹنگ دی۔ کپتان صاحبزادہ فرحان اور محمد ہریرہ نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 134 رنز کے ذریعے ٹیم کو ْپراعتماد آغاز فراہم کیا۔ 22 سالہ محمد ہریرہ نے 203 گیندوں پر 161 رنز کی اننگز کھیلی جس میں ایک چھکا اور 18 چوکے شامل تھے۔ یہ فرسٹ کلاس کرکٹ میں ان کی9 ویں سنچری ہے۔ یاد رہے کہ محمد ہریرہ فرسٹ کلاس کرکٹ میں ٹرپل سنچری بھی اسکور کرچکے ہیں۔ صاحبزادہ فرحان 10 چوکوں کی مدد سے 66 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ محمد ہریرہ نے عمرامین کے ساتھ دوسری وکٹ کی شراکت میں 118 رنز کا اضافہ کیا۔ عمرامین8 چوکوں کی مدد سے54 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ محمد ہریرہ اور کامران غلام کے درمیان تیسری وکٹ کی شراکت میں 123 رنز بنے۔ کامران غلام 74 رنز اسکور کرکے ناٹ آؤٹ ہیں۔ ان کی اننگز میں 11 چوکے شامل ہیں۔ بنگلا دیش اے کی جانب سے ریپون مونڈل نے 59 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں۔ واضح رہے کہ پاکستان شاہینز اسوقت آسٹریلیا کے دورے پر ہے۔ وہ ڈارون میں بنگلا دیش اے کے خلاف 2، 4 روزہ میچ کھیلنے کے بعد ۲ ون ڈے اور ٹاپ اینڈ ٹی ٹوئنٹی سیریز بھی کھیلے گی۔
