
ڈارون(اسپورٹس ڈیسک) محمد ْہریرہ کی ڈبل سنچری اور کامران غلام کی سنچری کی بدولت پاکستان شاہینز نے بنگلا دیش اے کے خلاف اپنی پہلی اننگز 3 وکٹوں کے نقصان پر 467 رنز بناکر ڈکلیئر کردی۔ دوسرے دن کھیل کے اختتام پر بنگلا دیش اے نے اپنی پہلی اننگز میں 4 وکٹوں کے نقصان پرپر 203 رنز بنائے تھے۔ اسطرح اب پاکستان شاہینز کی برتری 264 رنز کی ہے۔ ڈارون میں پہلے 4 روزہ میچ کے دوسرے دن پاکستان شاہینز نے اپنی پہلی اننگز375 رنز 2 کھلاڑی آؤٹ پر شروع کی۔ محمد ْہریرہ جو 161 رنز پر ناٹ آؤٹ تھے اپنی ڈبل سنچری مکمل کرنے میں کامیاب ہوگئے۔ وہ 247گیندوں پر 26 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 218 رنز اسکور کرکے حسن مراد کی گیند پر بولڈ ہوئے۔ انہوں نے کامران غلام کے ساتھ تیسری وکٹ کی شراکت میں 215 رنز کا اضافہ کیا۔ کامران غلام نے 13 چوکوں کی مدد سے100 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔ یہ فرسٹ کلاس کرکٹ میں ان کی17 ویں سنچری ہے۔ بنگلا دیش اے کی طرف سے رپون مونڈل نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ بنگلا دیش اے کی اننگز میں پہلی2 وکٹیں صرف 23 رنز پر گرگئیں جس کے بعد شادمان اسلام اور اے ملا نے تیسری وکٹ کی شراکت میں 153 رنز کا اضافہ کیا۔ ایچ ملا 11 چوکوں کی مدد سے 70 رنز بناکر رن آؤٹ ہوگئے۔ ٹیسٹ کرکٹر شادمان اسلام 15 چوکوں کی مدد سے 88 رنز بناکر شاہنواز دھانی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔ پاکستان شاہینز کی طرف سے خرم شہزاد محمد علی اور شاہنواز دھانی ایک، ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔
