پیرس/کراچی (سید وزیر علی قادری)پیرس اولمپکس گیمز 26 جولائی سے فرانس کے دارالحکومت پیرس میں شروع ہوں گے جو 11 اگست تک جاری رہیں گے۔ پیرس اولمپکس گیمز کا کائونٹ ڈائون جاری ہے ،کھیلوں کے بڑے میلے کو سجنے میں 3 دن باقی رہ گئے ہیں۔ فرانسیسی دارالحکومت اپنی تاریخ میں تیسری مرتبہ دنیا کے سب سے بڑے کھیلوں کے ایونٹ کے کامیاب انعقاد کیلیے مصروف ہے۔ رنگا رنگ افتتاحی تقریب 26جولائی کو ہو گی، پیرس اولمپکس گیمز کی انتظامیہ کے مطابق کھیلوں کے سب سے بڑے میلے کو سجانے کے لئے بھرپور تیاریاں اپنے آخری مراحل میں ہیں۔ پیرس اولمپکس گیمز میں 32 کھیلوں کے 329 ایونٹس ہوں گے جن میں دنیا سے تقریبا ساڑھے 10 ہزار ایتھلیٹس شرکت کریں گے۔ پیرس اولمپکس 2024 کی آرگنائزنگ کمیٹی کے مین آپریشن سینٹرنے اپریل کے وسط سے ہی کام شروع کر دیا تھا۔ پیرس کے اہم مقامات جیسے کنکورڈ اور ٹروکاڈرو پبلک ا سکوائرز، انویلائیڈز یادگار اور ایفل ٹاور پر عارضی سہولیات کی تعمیر مکمل ہونے کے قریب ہے۔ ان کاموں میں باسکٹ بال، سکیٹ بورڈنگ،بی ایم ایکس اور بریک ڈانسنگ جیسے ایونٹس کے لیے 37,000 تماشائیوں کی گنجائش کے لیے عارضی گرائونڈ ا سٹینڈز شامل ہیں۔ حکام نے شہر کے بڑے حصوں کو پیدل چلنے والوں کے لیے دوستانہ بنانے کے لیے راستے بھی بنائے ہیں۔مقابلوں کی جگہ پر کوالیفائنگ شیڈول کا کام مکمل ہو چکا ہے جو 8000 سے زیادہ اتھلیٹس کی نمائندگی کر ے گا۔حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے حکومت تقریبا 20,000 فوجیوں اور 40,000 سے زیادہ پولیس افسران کو تعینات کر رہی ہے جن میں دوسرے ممالک کے 2,000 فوجیوں اور پولیس افسران کی اضافی مدد حاصل ہوگی۔ پیرس پولیس کے سربراہ لارینٹ نونیز کا کہنا ہے کہ گیمز کے دوران تقریبا 30,000 پولیس افسران اور مسلح افواج کے 18,000 سپاہی روزانہ متحرک ہوں گے۔ منتظمین نے یقین دہانی کرائی ہے کہ حفاظتی اقدامات شرکااور تماشائیوں کی حفاظت کی ضمانت دیں گے۔واضح رہے کہ پیرس اولمپکس گیمز 11اگست کو اختتام پذیر ہوں گے۔پیرس کو 13 ستمبر 2017 کو پیرو کے دارالحکومت لیما میں 131 ویں آئی او سی اجلاس میں میزبان شہر کے طور پر منتخب کیا گیا تھا۔