ملک میں ایمرجنسی یا کرفیو کی ضرورت نہیں، بنگلہ دیشی آرمی چیف

بنگلہ دیش کے آرمی چیف وقار الزمان نے کہا کہ ملک میں ایمرجنسی یا کرفیو کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ عبوری حکومت کے قیام کے لیے صدر سے ملاقات کریں گے۔
آرمی چیف نے طلبہ سے اپیل کی ہے کہ وہ پر امن رہیں۔ ہم ملک کے مسائل کا حل تلاش کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ عبوری حکومت کے قیام کے لیے صدر سے بات چیت میں تمام مرکزی سیاسی جماعتوں کے نمائندے شامل ہوں گے۔
بنگلہ دیش کے آرمی چیف کا ملک میں عبوری حکومت بنانے کا اعلان

بنگلہ دیش کے آرمی چیف وقار الزمان نے وزیرِ اعظم شیخ حسینہ کے استعفے کی تصدیق کرتے ہوئے ملک میں عبوری حکومت کے قیام کا اعلان کر دیا ہے۔
پیر کو قوم سے خطاب کرتے ہوئے بنگلہ دیش کے آرمی چیف کا کہنا تھا کہ بنگلہ دیش کو مخلوط حکومت کے ذریعے چلایا جائے گا جب کہ ملک میں امن واپس لائیں گے۔
آرمی چیف کا کہنا تھا کہ تمام مسائل حل کرنے کے لیے سب مل کر کام کریں گے۔
شیخ حسینہ کے بنگلہ دیش چھوڑنے کی اطلاعات

بنگلہ دیش کے مقامی میڈیا کے مطابق شیخ حسینہ اور ان کی چھوٹی بہن ریحانہ ملک سے ’محفوظ مقام‘ پر پہنچ چکی ہیں۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق مستعفی وزیرِ اعظم شیخ حسینہ محفوظ مقام پر پہنچ چکی ہیں۔
مقامی میڈیا اپنے ذرائع سے رپورٹ کررہا ہے کہ شیخ حسینہ مغربی بنگال پہنچ گئی ہیں۔
شیخ حسینہ کے بیٹے کی فوج سے ’غیر منتخب حکومت‘ کا راستہ روکنے کی اپیل

وزیرِ اعظم شیخ حسینہ کے بیٹے سجیب واجد جوئے نے ملک کی سیکیورٹی فورسز سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی ’غیر منتخب حکومت‘ کا راستہ روکیں۔
امریکہ میں مقیم سجیب واجد نے پیر کو اپنی فیس بک پوسٹ فوج کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک اور آئین کی حفاظت آپ کی ذمے داری ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ ملک میں ترقی اور خوشحالی کا سفر جاری رہنا چاہیے اور فوج کی ذمے داری ہے کہ وہ کسی بھی غیر منتخب حکومت کے قیام کو روکے۔
