ڈارون ( اسپورٹس ڈیسک ) پاکستان شاہینز نے بولرز کی عمدہ کارکردگی کی بدولت ڈارون ٹور کے دوسرے ون ڈے میچ میں بنگلا دیش اے کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی۔ اس سے قبل اس نے اتوار کے روز اپنے پہلے ون ڈے میں این ٹی اسٹرائیک کو 4 وکٹوں سے ہرایا تھا۔ کزشتہ روز کھیلے گئے میچ میں محمد حارث نے ٹاس جیت کر بنگلا دیش اے کو بیٹنگ دی۔ پاکستان شاہینز کے بولرز نے بنگلا دیش اے کو 24.3 اوورز میں صرف 78 رنز پر آؤٹ کردیا۔پاکستان شاہینز نے 79 رنز کا ہدف 17 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ پاکستانی بولرز کی عمدہ بولنگ نے بنگلادیش اے کو کسی بھی موقع پر سنبھلنے کا موقع نہیں دیا اور اس کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں۔ پرویز حسین 19 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔ عمران جونیئر 3 وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب بولر رہے۔این ٹی اسٹرائیک کے خلاف عمدہ بولنگ کرنے والے جہانداد خان اور مبصر خان نے ایک پھر اچھی بولنگ کرتے ہوئے 2,2 وکٹیں حاصل کیں۔ خرم شہزاد بھی 2 کھلاڑی آؤٹ کرنے میں کامیاب رہے۔ انہیں ون ڈے میچوں کے لیے ڈارون میں روک لیا گیا تھا۔کپتان محمد حارث نے وکٹ کیپنگ میں 3 کیچز کیے۔پاکستان شاہینز کی اننگز میں صاحبزادہ فرحان بغیر کوئی رن بنائے رپون مونڈل کی گیند پر آؤٹ ہوگئے جس کے بعد عبدالفصیح اور عثمان خان نیدوسری وکٹ کے لیے 48 رنز کا اضافہ کیا۔عبدالفصیح 12 رنز بناکر مونڈل کی گیند پر آؤٹ ہوئے. عثمان خان نے 5 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 39 رنز اسکور کیے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔طیب طاہر17 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ پاکستان شاہینز اب ٹاپ اینڈ ٹی ٹوئنٹی سیریز میں حصہ لے گی جس میں اس کا پہلا میچ 10 اگست کو پرتھ اسکارچرز سے ہوگا۔
