اسلام آباد: وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ پاکستان میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ہے،سیاست کھیلوں کے اندر گھس چکی ہے،میرٹ کے اوپر کام نہیں ہوتے ہیں،نوجوان نسل کاٹیلنٹ ضائع کر دیا جاتا ہے،اولمپکس میں ہم سینکڑوں میڈلز جیت سکتے ہیں،مگر ہمارے جو اسپورٹس کے بورڈز ہیں ان میں مافیاز بیٹھے ہوئے ہیں،نوجوانوں کو میرٹ پر آگے انے کا موقع نہیں ملتا،انہیں سہولیات فراہم نہیں کی جاتی ہیں،فٹبال ہاکی ایتھلیٹس کو سیاست سے پاک کر رہے ہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر دفاع نے کہاکہ پاکستان نے جب گولڈ میڈلز جیتا تو اس کیفیت کو میں بیان نہیں کر سکتا ہوں،میرٹ کی پامالی نہ کی جائے،خدارا نوجوان نسل کی راہیں کھولیں،سپورٹس کو سکولوں کی سطح سے فروغ دینا چاہیے،سیاست اور اسپورٹس کو اکٹھا کر دیا گیا ہے،جس کی وجہ سے نوجوان آگے نہیں آ رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کروڑوں روپے سپورٹس کے محکمہ جات کو جاری کیے جاتے ہیں،مگر جو ایتھلیٹس پاکستان کی خاطر کھیلتے ہیں انہیں سہولیات ہی فراہم نہیں کی جاتی ہیں،یہ ظلم بند ہونا چاہیے۔

