لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے قومی ہیرو ارشد ندیم کے نام سے منسوب اسپورٹس سٹی بنانے کا اعلان کردیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے قومی ہیرو ارشد ندیم کیلیے 10 کروڑ روپے انعام کا اعلان بھی کیا۔
مریم نواز نے قومی ہیرو ارشد ندیم کو شاباشی دیتے ہوئے کہا کہ جشن آزادی پر ارشد ندیم نے گولڈ میڈیل جیت کر قوم کو تحفہ دیا، قوم کی طرف سے ارشد ندیم کو انعام دے کر اُن کا شکریہ ادا کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میاں چنوں میں ارشد ندیم اسپورٹس سٹی بنے گا، ارشد ندیم نے تمام مشکلات کا سامنا کرتے ہوئے 40 سال بعد پاکستان کے لئے گولڈ میڈل جیتا ساتھ ہی اولمپکس میں نیا ریکارڈ بنانا ارشد ندیم کی محنت، لگن اور قومی جذبے کا ثبوت ہے۔ پاکستان کا پرچم دنیا میں بلند کرنے والے ہر بیٹے اور بیٹی کو اللہ تعالیٰ ہمیشہ سربلند رکھے۔

