English Al Qamar Urdu جون 28, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

118 سالہ ریکارڈ توڑنے والے اولمپئن ارشد ندیم پر کروڑوں کی برسات

القمر

کراچی /لاہور(سید وزیر علی قادری) وزیر اعلی پنجاب مریم نواز نے نیزہ بازی میں 118 سالہ ریکارڈ توڑنے پر ارشد ندیم کو خراج تحسین اور 10 کروڑ روپے کے خصوصی انعام کاا علان کیا۔ وزیراعلی نے ارشد ندیم کے آبائی شہر میاں چنوں میں ا سپورٹس سٹی قائم کرنے کا بھی اعلان کیا ۔ وزیر اعلی نے پاکستان کیلئے 40 سال بعد سونے کا تمغہ حاصل کرنے پر ارشد ندیم کو مبارکباد دی اور ان کے کوچنگ ا سٹاف کی محنت کو بھی سراہا۔ انہوں نے کہاکہ خود پر یقین ہو تو کامیابی یقینی ہو جاتی ہے۔ میاں چنوں کے چھوٹے سے گائوں سے پیرس اولمپکس تک سفر قابلِ داد ہے۔ انہو ں نے کہاکہ جیت خوبصورت چیز ہے، جیت پانے کے لئے خود کو کھونا پڑتا ہے۔ 92.97میٹر کی ’’گولڈن تھرو‘‘ کرکے ارشد ندیم نے تاریخ رقم کردی۔ وزیراعلی نے پیغام میں کہاکہ جشن آزادی پر ارشد ندیم نے سونے کا تمغہ جیت کر قوم کو تحفہ دیاہے،اب قوم کی طرف سے ارشد ندیم کو انعام دے کر ان کا شکریہ ادا کررہے ہیں۔ وزیراعلی نے کہاکہ اولمپکس میں نیا ریکارڈ بنانا ارشد ندیم کی محنت، لگن اور قومی جذبے کا ثبوت ہے۔ نیک تمنائوں کا اظہارکرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پاکستانی پرچم دنیا میں بلند کرنے والے ہر بیٹے اور بیٹی کو اللہ تعالیٰ ہمیشہ سربلند رکھے- مریم نواز نے اولمپکس میں سونے کا تمغہ جیتنے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ارشد ندیم نے سونے کا تمغہ ہی نہیں قوم کے دل بھی جیت لئے۔ ارشد ندیم نے پیرس اولمپکس میں 92.97میٹر کا ریکارڈ قائم کرکے پروفیشنل برتری ثابت کردی۔گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے جیولین تھرو ایونٹ کے فاتح گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کو مبارک باد دیتے ہوئے 10 لاکھ روپے انعامی رقم دینے کا اعلان کیا ہے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ قومی ایتھلیٹ ارشد ندیم نے 92.97 میٹر تھرو کرکے نیا رکارڈ بنایا ہے۔گورنر سندھ کامران ٹیسوری کا کہنا تھا کہ ارشد ندیم نے شاندار تھرو کر کے اولمپکس کا 118 سالہ رکارڈ توڑا۔پیرس اولمپکس کے جیولین تھرو ایونٹ میں ارشد ندیم نے پاکستان کو 40 سال بعد سونے کا تمغہ جتوادیا ہے۔ یہ انفرادی مقابلوں میں پاکستان کا پہلا سونے کا تمغہ بھی ہے۔ سندھ حکومت نے اولمپکس میں جیولن تھرو کے مقابلوں میں سونے کا تمغہ جیتنے والے ارشد ندیم کیلئے 5 کروڑ روپے کا اعلان کردیا۔ میئر کراچی مرتضی وہاب کا کہنا ہے کہ ارشد ندیم نے نہ صرف سونے کا تمغہ جیتا بلکہ اولمپک ریکارڈ بنایا ہے۔ انہوں نے سندھ حکومت کی جانب سے ارشد ندیم کیلئے 5 کروڑ روپے انعامی رقم کا اعلان بھی کیا۔ میئر کراچی نے ارشد ندیم کے نام سے کراچی میں اسپورٹس اکیڈمی کھولنے کا اعلان بھی کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے