کراچی (اسپورٹس رپورٹڑ) اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کا کہنا ہے کہ ٹوکیو اولپمکس کے بعد پاکستان چھوڑنے کی آفر ہوئی تھی جسے مسترد کر دیا تھا۔ نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے فخر پاکستان ارشد ندیم نے انکشاف کیا کہ انہیں کئی مرتبہ دوسرے ملکوں سے پیشکش کی گئی کہ ہمارے پاس آجائو آپ کو ٹریننگ بھی دیں گے اور ورلڈ چیمیئن بھی بنائیں گے مگر میں نے انکار کر دیا۔ ارشد ندیم نے کہا کہ انہیں پاکستان کی مٹی سے پیار ہے، پاکستان میں ہی ٹریننگ کریں گے اور پاکستان سے ہی ورلڈ چیمئین بنیں گیاور دنیا میں پاکستان کا نام روشن کریں گے۔ پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے ارشد ندیم کی والدہ نے کہا کہ وہ بھارتی جیولین تھرور نیرج چوپڑا کو پاکستان آنے کی دعوت دیں گی۔ پیرس اولمپکس میں سونے کا تمغہ خیال رہے کہ گزشتہ دنوں مینز جیولین تھرو ایونٹ کے فائنل میں ارشد ندیم نے پاکستان کو 40 سال بعد طلائی تمغہ جتوایا۔ انہوں نے 92.97 میٹر تھرو کرکے نیا اولمپک ریکارڈ قائم کیا جب کہ وہ پاکستان کی جانب سے اولمپکس کے انفرادی مقابلوں میں سونے کا تمغہ جیتنے والے پہلے ایتھلیٹ ہیں۔
