کراچی : پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان ہونے والے دوسرے ٹیسٹ میچ کو کراچی سے راولپنڈی منتقل کرنے کا حتمی فیصلہ کر لیا گیا ہے۔
یہ تبدیلی چیمپئنز ٹرافی 2025 کی تیاریوں کے سلسلے میں کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں جاری تزئین و آرائش کے باعث کی گئی ہے۔
30 اگست سے شروع ہونے والے اس ٹیسٹ میچ کو پہلے بغیر تماشائیوں کے منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا، جس پر سابق کرکٹرز نے تنقید کی تھی۔
پی سی بی نے واضح کیا ہے کہ اسٹیڈیم میں جاری تعمیراتی کاموں کی وجہ سے شائقین کی میزبانی ممکن نہیں ہے، اور ان کی صحت اور حفاظت کے پیش نظر یہ اقدام اٹھانا پڑا ہے۔
نیشنل اسٹیڈیم میں جاری تعمیراتی منصوبے کے تحت کھلاڑیوں کے لیے نئے ڈریسنگ رومز کی تعمیر، انکلوژرز میں جدید ٹیفلون چھتوں کی تنصیب، اور مرکزی عمارت کا انہدام کرکے نئی عمارت کی تعمیر شامل ہیں۔
پی سی بی، چیمپئنز ٹرافی سے قبل لاہور، کراچی اور راولپنڈی کے اسٹیڈیمز کی اپ گریڈیشن کا ارادہ رکھتا ہے، جس کے لیے 12 ارب 80 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔
دوسری جانب، انگلینڈ کے خلاف کراچی ٹیسٹ کی منتقلی کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا ہے، اور یہ میچ شیڈول کے مطابق 15 اکتوبر کو کراچی میں ہی کھیلا جائے گا۔

