اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری نے اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کو ہلالِ امتیاز عطا کر دیا۔
تفصیلا ت کے مطابق ایوانِ صدر خصوصی تقریب منعقد کی گئی جس میں اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کو ہلالِ امتیاز عطا کیا گیا۔ ہلالِ امتیاز عطا کرنے کی خصوصی تقریب براہِ راست نشر کی گئی۔
واضح رہے کہ ارشد ندیم نے پیرس اولمپکس کے جیولن تھرو گیم میں نیزہ 92.97 میٹر تک پھینک کر عالمی ریکارڈ بنایا تھا اور پہلی مرتبہ پاکستان کے لیے گولڈ میڈل حاصل کیا تھا۔ گولڈ میڈل جیتنے پر ارشد ندیم کو حکومت پاکستان کی جانب سے ہلالِ امتیاز دینے کا اعلان کیا گیا تھا۔
دریں اثناء صدر مملکت آصف علی زرداری سے اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کی ملاقات ہوئی جس میں صدر نے ارشد ندیم کیلئے اپنی جانب سے 10 کروڑ روپے انعام کا بھی اعلان کیا۔
اس موقع پر صدر آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ ارشد ندیم نے اولمپک ریکارڈ بنا کر ملک کا سرفخر سے بلند کیا اور ملک کے لاتعداد نوجوان کھلاڑیوں کو بھی متاثرکیا۔
صدر مملکت نے ارشد ندیم کی شاندار کامیابی، مسلسل محنت اور لگن کو سراہتے ہوئے کہا کہ کھلاڑیوں کے بچوں کو بھی اسکالر شپ دی جانی چاہیے، سندھ حکومت کو پی ایس بی انڈومنٹ فنڈ میں 250 ملین روپے کا حصہ ڈالنے کا کہوں گا، امید ہے کہ ارشد ندیم مستقبل میں بھی ملک کا نام روشن کرتے رہیں گے۔


