فٹبال کے مشہور کھلاڑی کرسٹیانو رونالڈو نے اپنے یوٹیوب چینل “یور کرسٹیانو” کے ذریعے نیا عالمی ریکارڈ قائم کر لیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق 39 سالہ کرسٹیانو رونالڈو کا چینل گنیز ورلڈ ریکارڈ میں شامل کر لیا گیا ہے، جسے صرف 24 گھنٹوں میں سب سے زیادہ سبسکرائبرز حاصل کرنے والے چینل کا اعزاز حاصل ہوا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق کرسٹیانو رونالڈو نے 21 اگست کو یوٹیوب پر قدم رکھا اور بہت جلد کامیابیاں سمیٹتے ہوئے کئی ریکارڈ توڑ ڈالے۔
رونالڈو کے یوٹیوب چینل نے محض 22 منٹ میں 1 لاکھ سبسکرائبرز حاصل کیے، 47 منٹ میں 10 لاکھ سبسکرائبرز تک پہنچا اور صرف 11 گھنٹے 31 منٹ میں 10 ملین سبسکرائبرز حاصل کرکے پوری سوشل میڈیا کو ہکا بکا کردیا۔
گنیز ورلڈ ریکارڈ نے رونالڈو کے چینل کو 24 گھنٹوں میں سب سے زیادہ سبسکرائبرز حاصل کرنے والا چینل تسلیم کیا ہے۔
یوٹیوب ریکارڈز پر نظر رکھنے والی ایک ویب سائٹ کے مطابق رونالڈو کے چینل نے محض ایک ہفتے میں 50 ملین سبسکرائبرز کی تعداد بھی حاصل کر لی ہے، جو کہ ایک منفرد اور شاندار کامیابی ہے۔
کرسٹیانو رونالڈو کی یہ کامیابی ان کے بے پناہ مقبولیت کی عکاسی کرتی ہے، جس نے نہ صرف فٹبال بلکہ ڈیجیٹل میڈیا کی دنیا میں بھی اپنی شناخت کو مزید مضبوط کیا ہے۔ ان کا یوٹیوب چینل “یور کرسٹیانو” نئے عالمی ریکارڈز کے ساتھ فینز کی دلچسپی کا مرکز بن چکا ہے۔

