مظفر آباد (اسپورٹس ڈیسک)کرکٹ کی بین الاقوامی دنیا کے بڑے نام کشمیر سپریم لیگ سے جڑنے کا سلسلہ جاری ہے، پاکستان ٹیم کے سابق کپتان عظیم بلے باز عامر سہیل نے کشمیر سپریم لیگ کو آزادکشمیر کے نوجوان کھلاڑیوں کیلئے اہم موقع قرار دے دیا ۔عامر سہیل کا کے ایس ایل ہیڈ کوارٹر پہنچنے پر چیئرمین لیگ مسعود خان نے استقبال کیا ،سابق کپتان کو انتظامیہ کی جانب سے سیزن ون سے متعلق بریفنگ دی گئی ۔ اس موقع پر عامر سہیل نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر سپریم لیگ کی حکمت عملی سے معلوم ہواکہ یہ انتہائی کامیاب لیگ ہو گی ،پاکستان اور کشمیر میں نوجوان کھلاڑیوں کیلئے محدود مواقع ہوتے ہیں یہ لیگ کھلاڑیوں کیلئے انتہائی اہم موقع میسر کرے گی جس سے ملک کے اندر موجود ٹیلنٹ ابھر کر سامنے آئے گا جہاں بھی کرکٹ کی بہتری کیلئے بات ہوگی ہم اپنا بھرپور کردار ادا کرینگے۔

