کراچی(اسپورٹس رپورٹر)2مرتبہ کے آئی سی سی ایونٹ ونر سرفراز احمد اس ماہ ہونے والے چیمپئنز ون ڈے کپ میں ڈولفنز ٹیم کے مینٹور ہوں گے۔ یاد رہے کہ 12سے 29ستمبر تک اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں ہونے والے چیمپئنز ون ڈے کپ میں 5 ٹیمیں اسٹالیئنز، لائنز، پینتھرز ، وولوز اور ڈولفنز حصہ لیں گی۔ سرفراز احمد سے قبل شعیب ملک اسٹالیئنز، مصباح الحق وولوز، وقاریونس لائنز اور ثقلین مشتاق پینتھرز کے مینٹور مقرر کئے جاچکے ہیں۔ڈولفنرز کی ٹیم کراچی میں حنیف محمد ہائی پرفارمنس سینٹر میں اپنی پریکٹس اور ٹریننگ کرے گی۔ سرفراز احمد54ٹیسٹ 117ون ڈے اور 61 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کرچکے ہیں جن میں انہوں نے مجموعی طور پر 6164رنز بنانے کے علاوہ 315کیچز اور 56 اسٹمپ کئے ہیں۔ انہوں نے تینوں فارمیٹس میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی قیادت بھی کی ہے۔ ان کی قیادت میں پاکستان نے 2017میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی جیتی تھی۔ اس سے قبل ان کی قیادت میں پاکستان 2006میں انڈر 19 ورلڈ کپ بھی جیتا تھا۔ سرفراز احمد کی قیادت میں پاکستان کرکٹ ٹیم آئی سی سی کی عالمی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کرچکی ہے۔ وہ پہلے پاکستانی وکٹ کیپر بلے باز ہیں جنہوں نے ورلڈ کپ میں سنچری ا سکور کی ہے۔سرفراز احمد کا ڈولفنز ٹیم کا مینٹور مقرر کئے جانے پر کہنا ہے کہ اعلی درجے کی ڈولفنز کا مینٹور بننا میرے لئے ایک نیا تجربہ ہے ،اس ٹورنامنٹ میں سخت مقابلے متوقع ہیں، میں ایک کرکٹ پروفیشنل کے طور پر اپنی صلاحیتوں کو سیکھنے اور مزید ترقی دینے کے سلسلے میں پرجوش ہوں۔ سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ جو چیز میرے اس رول کو مزید دلچسپ اور چیلنجنگ بناتی ہے وہ یہ ہے کہ میں بحیثیت کھلاڑی بھی اس ٹورنامنٹ میں حصہ لوں گا، میرا جذبہ اور ہر میچ جیتنے کی امنگ ہمیشہ کی طرح مضبوط ہے، میرا رول کپتان کھلاڑیوں اور کوچنگ سٹاف کو ان کی صلاحیتوں کو بڑھانے کے لئے سپورٹ کرنا ہے۔

