لاہور(اسپورٹس ڈیسک)پاکستان کرکٹ بورڈ نے آج پانچ چیمپئنز ون ڈے کپ ٹیموں کے کپتانوں کے ساتھ ساتھ 12 سے 29 ستمبر تک فیصل آباد میں منعقد ہونے والے ٹورنامنٹ کے لیے عارضی اسکواڈز کا اعلان کر دیا ہے۔کپتانوں کا تقرر پانچ ٹیموں کے مینٹور نے کیا، مصباح الحق (وولوز)، ثقلین مشتاق (پینتھرز)، سرفراز احمد (ڈولفنز)، شعیب ملک (اسٹالینز) اور وقار یونس (لائنز) کے مینٹور ہیں۔ پاکستان کے ٹیسٹ نائب کپتان سعود شکیل کو ڈولفنز کا کپتان مقررکیا گیا ہے، شاہین شاہ آفریدی لائنز کی قیادت کریں گے اور پینتھرز کی قیادت شاداب خان کریں گے۔ پاکستان شاہینز کے کپتان محمد حارث اسٹالینز کی قیادت کریں گے جبکہ محمد رضوان وولوز کی قیادت کریں گے۔ چیمپئنز ون ڈے کپ میں ملک کے بہترین کرکٹرز شرکت کریں گے۔ 50 اوورز کا یہ ٹورنامنٹ سنگل لیگ فارمیٹ میں کھیلا جائے گا۔ تمام میچ دوپہر 3 بجے شروع ہوں گے، سوائے 16 ستمبر کو لائنز بمقابلہ پینتھرز کے میچ کے، جو صبح 9:30 بجے شروع ہوگا۔ ٹورنامنٹ کا اختتام چار دنوں میں تین پلے آف میچوں کے ساتھ ہوگا، جس کا اختتام اتوار، 29 ستمبر کو فائنل میں ہوگا۔12 ستمبر کو افتتاحی میچ میں مصباح الحق کی وولوز کا مقابلہ ثقلین مشتاق کی پینتھرز سے ہوگا۔پی سی بی نے پانچوں ٹیموں کے لیے عارضی سکواڈز کا بھی اعلان کردیا ہے۔ ان کا انتخاب ٹیم کے مینٹورز نے 150 کھلاڑیوں کے ایک پول سے ڈرافٹ کے عمل کے ذریعے کیا تھا، جسے پی سی بی نے فٹنس ٹیسٹ کے بعد فراہم کیا تھا۔
