کراچی (اسپورٹس رپورٹر)پی سی بی نے آج سے شروع ہونے والی قومی انڈر 19، سہ روزہ چیمپئن شپ کے میچز کو ملتوی کر دیا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ( پی سی بی) نے قومی انڈر 19 ، سہ روزہ چیمپئن شپ اور ون ڈے انڈر 19 کپ کو شروع ہونے کے پہلے روز ہی غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کر دیا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری مختصر اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ آج سے شروع ہونے والی قومی انڈر 19 سہ روزہ چیمپئن شپ کے میچز کو ملتوی کر دیا ہے، چیمپئن شپ میں سہ روزہ اور انڈر 19 کپ میں ون ڈے میچز ہونا تھے۔ پی سی بی کے مطابق ان مقابلوں کو ناگزیر وجوہات کی بنیاد پر غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کردیا گیا ، نئے شیڈول کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
پی سی بی کا یہ اعلان سہ روزہ مقابلوں کے پہلے راؤنڈ کے پہلے روز کے اختتام پر آیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مختلف سینٹرز پر ہونے والے آج کے کھیل کو ریکارڈ کا حصہ نہیں بنایا جائے گا۔
