کراچی(اسپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ ، ہائر ایجوکیشن کمیشن(ایچ ای سی) کے تعاون سے 10 اکتوبر سے ملک میں پی سی بی ، ایچ ای سی انٹرورسٹی ٹورنامنٹس کے افتتاحی ایڈیشن کی میزبانی کرے گا۔ ترجمان پی سی بی کے مطابق ایونٹ میں 50 اوورزکے فارمیٹ میں کھیلا جائے گا جو 15 اکتوبر سے شروع ہوگا۔ ٹورنامنٹ میں کل 127 یونیورسٹیز کی ٹیمیں حصہ لیں گی ۔ ملک کے 43 مقامات پر 212 میچز کھیلے جائیں گے۔ ٹیموں کو 14 زونز میں تقسیم کیا جائے گا۔ ٹورنامنٹ کے دوسرے مرحلے میں 14 زونز سے ایک، ایک فاتح اور ایچ ای سی انٹرورسٹی ٹورنامنٹ کے آخری ایڈیشن کی 4سیمی فائنلسٹ ٹیمیں شرکت کریں گی۔ ترجمان پی سی بی کے مطابق دوسرے مرحلے کی تفصیلات کا اعلان مناسب وقت پر کیا جائے گا۔ ٹورنامنٹ پی سی بی اور ایچ ای سی کے درمیان گزشتہ ماہ اسلام آباد میں دستخط کیے گئے ایم او یو کا حصہ ہیں جس کا مقصد یونیورسٹی کے طلبا کو اپنی کرکٹ کی مہارت کو دکھانے کے لیے ایک پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے ۔مردوں کے انٹرورسٹی ٹورنامنٹ میں سرفہرست پرفارمرز کو 2024-25 کے سیزن میں پی سی بی کے زیر اہتمام ٹورنامنٹس میں ایچ ای سی کی طرف سے کھیلنے کے مواقع دستیاب ہوں گے۔

