English Al Qamar Urdu جون 28, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

چیمپئنز ون ڈے کپ : مارخورز نے پینتھرز کو 160 رنز سے ہرادیا

القمر

فیصل آباد / کراچی ( نمائندہ خصوصی/سید وزیر علی قادری ) یو ایم ٹی مارخورز نے کامران غلام کی سنچری ، عبدالصمد اور افتخار احمد کی نصف سنچریوں اور پھر نسیم شاہ اور عاکف جاوید کی عمدہ بولنگ کی بدولت لیک سٹی پینتھرز کو بحریہ ٹاؤن چیمپئنز ون ڈے کپ کے افتتاحی میچ میں 160 رنز سے شکست دیدی۔ اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں کھیلے گئے اس میچ میں لیک سٹی پینتھرز کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر محمد رضوان کی یو ایم ٹی مارخورز کو پہلے بیٹنگ دی جس نے مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 347 رنز بنائے۔ پینتھرز کی ٹیم جواب میں34.5 اوورز میں 187 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ مارخورز کی اننگز کی خاص بات کامران غلام کی سنچری تھی جنہوں نے 102گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے12 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 115 رنز اسکور کیے۔ یہ لسٹ اے ون ڈے میں ان کی 7ویں سنچری ہے۔ فخر زمان کے 17 اور محمد فیضان کے 34 رنز پر آؤٹ ہونے کے بعد کامران غلام نے کپتان محمد رضوان کے ساتھ تیسری وکٹ کی شراکت میں 133 رنز کا اضافہ کیا۔ رضوان 3 چھکوں کی مدد سے 45 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ کامران غلام اور افتخار احمد کے درمیان 5ویں وکٹ کی شراکت میں 62 رنز بنے۔ افتخار احمد نے7 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 57 رنز ناٹ آؤٹ اسکور کیے۔
اور عبدالصمد کے ساتھ چھٹی وکٹ کی شراکت میں 87 رنز کا اضافہ کیا۔ عبدالصمد نے جارحانہ انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 25 گیندوں پر 62 رنز بنائے جس میں6 چھکے اور4 چوکے شامل تھے۔ پینتھرز کی طرف سے مبصرخان اور محمد حسنین 2,2 وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب ہوسکے۔ پینتھرز نے 348 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اننگز شروع کی تو عاکف جاوید اور نسیم شاہ کی بولنگ نے اسے کسی بھی موقع پر سنبھلنے کا موقع نہیں دیا۔ عبدالواحد بنگلزئی 4 صائم ایوب 20، اذان اویس ایک عثمان خان 8، حیدرعلی 2 اور کپتان شاداب خان 4 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔10ویں اوور کے اختتام پر پینتھرز کی 6 وکٹیں صرف52 رنز پر گرچکی تھیں۔ عماد بٹ نے9 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے72 رنز اسکور کیے۔ انہوں نے مبصرخان ( 33 رنز ) کے ساتھ 59 رنز کا اضافہ کیا جبکہ اسامہ میر( 21 رنز ) کے ساتھ بھی59 رنز کی شراکت قائم کی تاہم ان کی کوشش ناکافی ثابت ہوئی۔ نسیم شاہ نے 27 رنز دے کر3 وکٹیں حاصل کیں۔ عاکف جاوید نے 43 رنز دے کر 3 کھلاڑی آؤٹ کیے۔

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے