
لاہور (اسپورٹس ڈیسک)ڈائریکٹرجنرل اسپورٹس پنجاب پرویز اقبال سے اولمپک گولڈ میڈلسٹ جیولن تھرور ارشدندیم نے نیشنل ہاکی اسٹیڈیم میں ملاقات کی ۔ ترجمان کے مطابق گزشتہ روز ہونیوالی ملاقات میں ارشد ندیم کے کوچ سلمان اقبال بٹ بھی موجود تھے۔ اس موقع پرڈائریکٹرجنرل اسپورٹس نے کہا کہ ارشد ندیم نے اسپورٹس کی دنیا میں پاکستان کا وقاربلندکیا ہے،ارشد ندیم پوری قوم کا ہیرو ہے اور ا سپورٹس بورڈ پنجاب کو اس پر فخر ہے،میاں چنوں میں ارشد ندیم اسٹیڈیم تیار کیا جائے گا،جہاں سے کئی ارشد ندیم نکلیں گے۔ پرویز اقبال نے مزید کہا کہ ا سپورٹس کی ترقی کیلئے کھیلتا پنجاب گیمز کا انعقاد کیا جارہا ہے جس کی انعامی رقم10کروڑ روپے ہے،کھیلتا پنجاب گیمز سے گراس روٹ لیول سے نیا ٹیلنٹ سامنے آئے گا۔ اس موقع پر اولمپئن گولڈمیڈلسٹ ارشدندیم نے کہا کہ اسپورٹس بورڈ پنجاب نے ہر موقع پر تعاو ن کیا ہے،میری کوشش ہے کہ میں اپنا ٹیلنٹ نوجوان اتھلیٹس کو سکھائوں۔ انہوں نے کہاکہ اسپورٹس کی ترقی کیلئے اسپورٹس بورڈ پنجاب کے ساتھ ہوں۔
