کراچی(اسپورٹس رپورٹر)قازقستان کے دارالحکومت آستانہ میں منعقد ہونے والی 5ویں نومڈ گیمزمیں پاکستانی رسہ کشی ٹیم نے کانسی کا تمغہ جیت لیا، فیسکو کے5 کھلاڑیوں ساجد علی، عمران ارشد، محمد رضا عباس، کلیم اللہ اورمحمد شاہد نے کوچ محمد یاسین کے ہمراہ حصہ لیااور شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ،رسہ کشی کے مقابلوں میں قازقستان، برطانیہ، ازبکستان، پاکستان، کرغستان اورروس کی ٹیموں نے بھی حصہ لیا۔ادھر، چیف ایگزیکٹو فیسکو انجینئرمحمد عامر نے فیسکو رسہ کشی ٹیم کے کھلاڑیوں کو 5ویں عالمی نومڈ گیمز میں اعلی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر مبارکباد دی ہے اور کہا کہ فیسکونے ہمیشہ کھیلوں اورکھلاڑیوں کی سرپرستی کی ہے اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ کھیلوں کے فروغ کیلئے فیسکو اپنے کردار کو جاری رکھے گا۔ رسہ کشی ٹیم سے ملاقات میں صدرفیسکو اسپورٹس ایسوسی ایشن فرخ آفتاب اورجنرل سیکرٹری رانا افضل بھی موجود تھے۔
