اسلام آباد (اسپورٹس ڈیسک) پاکستان میں کھیلوں کے حوالے سے فیڈریشنز میں براجمان عہدیداروں کی بدعنوانیاں زوروں پر ہے۔ اس سلسلے میں مختلف شکایات کی روشنی میں پاکستان اسپورٹس بورڈ نے تادیبی کاروائی کرتے ہوئے پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے صدر محمد خالد محمود اور سیکریٹری جنرل لیفٹنٹ کرنل (ر) محمد ناصر اعجاز ٹنگ پر تاحیات پابندی عائد کردی۔ اس سلسلے میں نوٹیفیکشن بھی جاری کردیا گیا جس میں ان دونوں پر الزام ثابت ہوگیا ہے جس میں انہوں نے اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کیا اور ایک باکسر زہیب رشید کو یورپ میں سلیپ ہونے کا موقع فراہم کیا۔ یہ ہی نہیں دیگر کھلاڑیوں سے بھی مالی فوائد حاصل کرکے انہیں بیرون ملک بھیجا گیا جس سے ملک کی ہرزہ سائی ہوئی۔ واضح رہے کہ محمد خالد محمود جو پاکستان اولمپک کمیٹی (این او سی) کے اہم عہدہ پر فائز رہے اس کے علاوہ کئی معاملات میں قصور وار ٹہرائے گئے۔ دریں اثنا پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے سابق عہدیداروں نے جسارت کی کچھ دن پہلے نمایاں ہونے والی خبر کی اشاعت کو دلیرانہ اقدام قرار دیا اور صحافت کے علم کو اونچا رکھنے پر انتظامیہ کو مبارکباد پیش کی۔

