نئی دہلی:بھارت نے ٹی 20 سیریز میں بنگلادیش کو شکست سے دوچار کردیا۔
خبر رساں ایجنسیوں کے مطابق سیریز کے دوسرے ٹی 20 میچ میں بھارت کے ہاتھوں بنگلادیش کو 86 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا جب کہ بھارت نے 2-0 سے سیریز میں فتح حاصل کرلی ہے۔ سیریز کا تیسرا اور آخری میچ 12 اکتوبر کو حیدر آبادمیں ہوگا۔
دہلی کے ارون جیٹلی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اہم میچ میں بنگلا دیش کے کپتان نجم الحسین شانتو نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا جو کافی مہنگا ثابت ہوا۔ بھارت کے 222 رنز کے بڑے ہدف کے تعاقب میں بنگلادیشی ٹیم 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 135 رنز ہی بنا سکی۔
بنگلا دیش کی جانب سے محمود اللہ نے سب سے زیادہ 41 رنز بنائے، پرویز حسین 16، لٹن داس اور کپتان شانتو 11، 11 رنز بناسکے۔ بھارت کی جانب سے ورون چکرورتی اور نتیش ریڈی نے 2،2 وکٹیں حاصل کی۔
قبل ازیں بھارت کے رنکو سنگھ اور نتیش ریڈی نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کیا۔ رنکو سنگھ نے 29 گیندوں پر 53 رنز جبکہ نتیش ریڈی نے 34 گیندوں پر 74 رنز بنائے۔
آخر میں ہاردک پانڈیا نے بھی شاندار بلے بازی کی اور 19 گیندوں میں 32 رنز بنائے۔ بنگلا دیش کی جانب سے راشد حسین نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔

