ملتان (نمائندہ خصوصی) انگلش کرکٹ ٹیم کے بلے بازجو روٹ نے سابق کپتان الیسٹر کک کا ریکارڈ توڑکراہم اعزازات اپنے نام کر لئے،روٹ ٹیسٹ کرکٹ میں زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں5ویں نمبر جبکہ ٹیسٹ سنچریاں بنانے والے بلے بازوں کی فہرست میں چھٹے نمبر پر پہنچ گئے،جو روٹ انگلینڈ کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی بھی بن گئے ۔پاکستان کے خلاف ملتان میں پہلے ٹیسٹ کے دوران جو روٹ نے پہلی اننگ میں بیٹنگ کے دوران 71 واں رنز مکمل کرتے ہوئے سابق انگلش کپتان الیسٹر کک کا 12 ہزار 472 رنز کا ریکارڈ توڑدیا۔ الیسٹر کک نے 161 ٹیسٹ میچز میں 12 ہزار 472 رنز بناکر انگلینڈ کیلئے سب سے زیادہ ٹیسٹ رنز بنانے والے کھلاڑی کا اعزاز حاصل کیا تھا جبکہ جو روٹ نے یہ کارنامہ 147 ویں ٹیسٹ میچ میں سرانجام دیا ہے۔جو روٹ نے ملتان ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں اپنے ٹیسٹ کیریئر کی 35 ویں سنچری بھی مکمل کی اور وہ زیادہ ٹیسٹ سنچریاں بنانے والے بلے بازوں کی فہرست میں چھٹے نمبر پر پہنچ گئے۔
