دبئی: پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان اہم میچ کل دبئی میں ہوگا۔
خبر رساں ایجنسی کے مطابق آئی سی سی ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاکستان ویمنز ٹیم کل اپنا تیسرا میچ آسٹریلیا کے خلاف کھیلنے کے لیے میدان میں اترے گی۔
پاکستانی وقت کے مطابق دونوں ٹیمیں شام 7 بجے دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلیں گی۔
یاد رہے کہ قومی ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان فاطمہ ثنا والد کے انتقال کے باعث میچ میں شرکت نہیں کریں گی، ان کی جگہ پاکستانی ٹیم کی قیادت منیبہ علی کریں گی۔ فاطمہ ثنا کے والد کا آج کراچی میں انتقال ہوگیا تھا، جس کی وجہ سے وہ دبئی سے فوری طور پر پاکستان روانہ ہوئیں۔
واضح رہے کہ قومی ویمنز ٹیم نے ایونٹ میں اب تک 2 میچز کھیلے ہیں، پہلے میچ میں پاکستان نے سری لنکا کو31 رنز سے ہرایا جب کہ دوسرے میچ میں بھارت کے خلاف 6 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

