لاہور (اسپورٹس ڈیسک) قائد اعظم ٹرافی کی دفاعی چیمپئن کراچی ریجن وائٹس اس سال کی مہم کا آغاز پشاور ریجن کے خلاف 26 اکتوبر کو چارسدہ کے اشفاق گراؤنڈ میں کرے گی۔پریمیئر فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ میں 16 ریجنز کی 18 ٹیمیں 3 گروپس میں تقسیم ہوں گی ہر گروپ کی سب سے اوپر والی سائیڈ ٹرائنگولر مرحلے میں جائے گی۔ سہ فریقی مرحلے میں ہر گروپ سے پہلی پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیم 2 میچ کھیلے گی، جس میں سرفہرست 2 ٹیمیں فائنل کے لیے کوالیفائی کریں گی جو 14 سے 18 دسمبر تک ہونا ہے۔ سہ فریقی مرحلے اور فائنل کے مقامات کا اعلان مناسب وقت پر کر دیا جائے گا۔ قائداعظم ٹرافی کی مجموعی انعامی رقم ایک کروڑ26 لاکھ روپے ہے۔ فاتح ٹیم کو 75 لاکھ روپے کی انعامی رقم ملے گی جبکہ رنرز اپ ٹیم کو40 لاکھ روپے ملیں گے۔ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا کہنا ہے کہ مجھے یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ قائد اعظم ٹرافی کی باضابطہ منظوری دے دی گئی ہے۔ یہ ٹورنامنٹ پاکستان کی ڈومیسٹک کرکٹ کے ڈھانچے میں بہت اہمیت رکھتا ہے اور اس کا تسلسل ہماری قومی ٹیم کے ٹیلنٹ کو پروان چڑھانے کو یقینی بناتا ہے۔ یہ ٹورنامنٹ نوجوان اور ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے اور مردوں کی بین الاقوامی ٹیم میں نمائندگی کا موقع فراہم کرے گا۔ اس سال قائداعظم ٹرافی کی 8 سے 18 ٹیموں تک توسیع سے ٹیلنٹ پول میں اضافہ ہوگا اور مزید ریجنز کو اعلیٰ سطح پر حصہ لینے کا موقع مل رہا ہے۔ میں نے ذاتی طور پر تمام متعلقہ حکام کو اس بات کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے کہ اس ٹورنامنٹ کے انتظامات اعلیٰ معیار کے ہوں۔ پی سی بی کھلاڑیوں کو بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے اور ٹورنامنٹ کو آسانی اور پیشہ ورانہ انداز میں چلانے کیلیے بہترین ماحول فراہم کرنے کیلیے پرعزم ہے ٹورنامنٹ کے فارمیٹ کے مطابق6 شہر ایبٹ آباد، چارسدہ، گوجرانوالا، اسلام آباد، لاہور اور راولپنڈی 45 گروپ میچز کی میزبانی کریں گے۔ اسلام آباد کے3 مقامات ڈائمنڈ گراؤنڈ، مرغزار گراؤنڈ اور نیشنل گراؤنڈ میں گروپ اے کے میچز ہوں گے۔ ایبٹ آباد کرکٹ اسٹیڈیم، چارسدہ کا اشفاق گراؤنڈ اور راولپنڈی کا شعیب اختر کرکٹ اسٹیڈیم گروپ بی کے میچز کی میزبانی کریں گے۔
