ہانگ کانگ: محمد اخلاق کی دھواں دار نصف سنچری اور بہترین باؤلنگ کی بدولت پاکستان نے جنوبی افریقہ کو 17 رنز سے شکست دے کر ہانگ کانگ سپر سکسز کے سیمی فائنل میں جگہ بنا لی ۔
مشن روڈ گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 6 اوورز میں 105 رنز بنائے، حالانکہ ابتدا میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ دونوں اوپنرز، آصف علی اور فہیم اشرف، پہلی گیند پر آؤٹ ہو گئے اور پاکستان 8 رنز پر 2 وکٹیں گنوا چکا تھا۔
تاہم، محمد اخلاق کی جارحانہ بیٹنگ نے میچ کا رخ موڑ دیا۔ حسین طلعت کے ساتھ شراکت داری کرتے ہوئے، اخلاق نے 16 گیندوں پر 7 چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے نصف سنچری مکمل کی۔ وہ 66 کے اسکور پر ریٹائرڈ آؤٹ ہوئے اور پاکستان نے چار اوورز کے اختتام پر 2 وکٹوں کے نقصان پر 66 رنز بنائے۔
آخری اوورز میں آل راؤنڈر عامر یامین اور حسین طلعت نے اہم رنز کا اضافہ کیا اور پاکستان کو 105 رنز تک پہنچا دیا۔ یامین نے 6 گیندوں پر 18 رنز بنائے جبکہ طلعت 11 گیندوں پر 27 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
جنوبی افریقہ کو 104 رنز کا مشکل ہدف ملا اور ابتداء ہی سے ان کی بیٹنگ مشکلات کا شکار رہی ۔ ابتدائی دو اوورز میں دو وکٹیں گنوا دیں، جن میں کپتان جے جے اسمت بھی شامل تھے، اور صرف 12 رنز ہی بنا سکے۔
ایون جونز نے 13 گیندوں پر 41 رنز بناتے ہوئے پانچ چھکے لگا کر جنوبی افریقہ کی امیدیں برقرار رکھنے کی کوشش کی، مگر طلعت نے 48 رنز کی شراکت کو توڑتے ہوئے جونز کو آؤٹ کر دیا۔
یہ ڈبل جھٹکا جنوبی افریقہ کے لیے نقصان دہ ثابت ہوا اور ان کی ٹیم ہدف سے 88/4 تک محدود رہی۔ باؤلنگ میں طلعت نے دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ شاہب خان اور عامر یامین نے ایک ایک وکٹ لی اور پاکستان کو فتح دلائی۔
اس فتح کے ساتھ پاکستان ٹورنامنٹ میں ناقابل شکست رہا، جس میں اس نے یو اے ای کو 13 رنز سے اور روایتی حریف بھارت کو 6 وکٹوں سے شکست دی تھی۔

