میلبورن:پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین میچز پر مشتمل ون ڈے سیریز کے پہلے ہی میچ میں میزبان ٹیم آسٹریلیا نے مہمان پاکستان کو شکست دے کر کامیابی حاصل کرلی۔
آسٹریلیا کے ہاتھوں پاکستان کو 2 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ قبل ازیں پاکستانی ٹیم نے میزبان ٹیم کو 204 رنز کا ہدف دیا تھا، جس کا تعاقب کرتے ہوئے آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز نے اپنی ٹیم کو کامیاب کروانے میں اہم کردار ادا کیا جب کہ فاسٹ بالر مچل اسٹارک کو پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ ملا۔
ہدف کا پیچھا کرتے ہوئے آسٹریلوی ٹیم نے کھیل کا آغاز اچھا نہیں کیا اور متیھیو شارٹ 19 کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ گئے جس کے بعد اوپنر جیک فریزر بھی 16 ہی رنز بنا سکے اور 28 رنز کے مجموعے پر میدان سے باہر گئے۔
بعد ازاں اسٹیو اسمتھ اور جوش انگلز کے درمیان تیسری وکٹ کی شراکت میں85 رنز بنائے گئے اور یوں113 رنز کے مجموعی اسکور پر اسٹیو اسمتھ 44 نز بنا کر پویلین لوٹ گئے، جس کے بعد 139 کے مجموعی اسکور پر جوش انگلز بھی 49 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
اسٹیو اسمتھ اور جوش انگلز کے آؤٹ ہونے کے بعد آسٹریلین ٹیم کی بیٹنگ لائن کمزور ہوئی اور نتیجے میں مارنس لبوشین 16 اور گلین میکس ویل صفر پر پویلین لوٹ گئے۔ اس کے بعد آر ون ہارڈی 10 رنز بنا کر محمد حسنین کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔
میزبان ٹیم کے 7 کھلاڑیوں کے پویلین جانے کے بعد کپتان پیٹ کمنز اور سین ایبٹ کے درمیان 30 رنز کی شراکت قائم ہوئی جس سے میزبان ٹیم فتح کے قریب پہنچ گئی مگر 185 کے اسکور پر سین ایبٹ کپتان کا ساتھ چھوڑ گئے جس کے بعد مچل اسٹارک وکٹ پر آئے اور پیٹ کمنز کے ساتھ ٹیم کو فتح دلائی۔
کپتان پیٹ کمنز نے 4 چوکوں کی مدد سے 31 گیندوں پر 32 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ پاکستان کے حارث رؤف نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ شاہین شاہ نے 2 اور نسیم شاہ اور محمد حسنین نے ایک، ایک کھلاڑی کو پویلین بھیجا۔

