بھارت کے اسٹار بیٹرز وراٹ کوہلی اور روہت شرما کی حالیہ چند میچوں میں انتہائی ناقص کارکردگی پر تنقید نے بھارتی کرکٹ ٹیم اور بورڈ دونوں کے لیے مشکلات کھڑی کی ہیں۔ بھارتی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر اس صورتِ حال سے بہت پریشان ہیں۔
آسٹریلیا کے سابق کپتان رِکی پونٹنگ نے روہت شرما اور وراٹ کوہلی پر شدید نکتہ چینی کی ہے۔ اُن کا کہنا ہے کہ یہ دونوں بیٹرز بھارتی کرکٹ ٹیم کے لیے ریڑھ کی ہڈی ہیں مگر دونوں ہی اپنی کارکردگی کا گراف بلند کرنے میں ناکام رہے ہیں۔ ان کے ہوتے ہوئے بھارتی کرکٹ ٹیم کو نیوزی لینڈ کے ہاتھوں ہوم سیریز میں وائٹ واش کا سامنا کرنا پڑا۔ یہ انتہائی شرم ناک بات ہے۔
رِکی پونٹنگ کے ریمارکس نے بھارتی میڈیا کو نیا مسالا فراہم کیا ہے۔ گوتم گمبھیر بھی کمر کس کر میدان میں آگئے ہیں۔ وہ چونکہ ہیڈ کوچ ہیں اس لیے بھارتی کرکٹ ٹیم کی کارکردگی پر تنقید درپردہ اُن پر تنقید ہے۔ انہوں نے آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان کی تنقید کو بلا جواز قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اچھا ہوگا رِکی پونٹنگ صرف اپنی ٹیم کی کارکردگی بہتر بنانے پر متوجہ رہیں۔ بھارتی کرکٹ ٹیم کو معلوم ہے کہ اُسے کس طور سنبھلنا ہے، کیا کرنا ہے، اپنی ساکھ کس طرح بحال کرنی ہے۔
رِکی پونٹنگ نے وراٹ کوہلی اور روہت شرما پر شدید نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر کسی اور کھلاڑٰی نے پانچ سال میں صرف دو سینچریاں اسکور کی ہوتیں تو ٹیم میں اُس کی جگہ نہ بنتی مگر یہ دونوں بیٹرز ٹیم کا حصہ ہیں۔ اِن کی فارم بحال ہونے کا نام نہیں لے رہی۔

