کراچی: چیمپئنز ٹرافی کی نمائش کل نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ہوگی۔
خبر رساں ایجنسی کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی نگرانی میں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے تحت کل (جمعرات ) کی صبح نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ہوگی، جس کے بعد میڈیا کے لیے فوٹوسیشن بھی ہوگا۔
قبل ازیں بدھ کے روز چیمپئنز ٹرافی اسلام آباد سے کراچی پہنچی، تاہم ائرپورٹ سے ہوٹل منتقل کرنے کے دوران شارع فیصل پر شدید ٹریفک جام کی وجہ سے تاخیر کے نتیجے میں چیمپئنز ٹرافی کا سرکاری فوٹوسیشن منسوخ ہوگیا۔
رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ حکام ٹرافی کے ٹور سے متعلق سیکورٹی کلیئرنس کے منتظر ہیں اور اجازت ملنے کے بعد جمعرات کے روز ٹرافی کے ٹور کو فائنل کردیا جائے گا۔
اب تک کے شیڈول کے مطابق ٹرافی 25 نومبر تک کراچی میں رہےگی جسے مزار قائد کے بعد مہوٹہ پیلس بھی لے جانے کا پروگرام ہے۔ عوامی نمائش کے لیے مختلف مقامات پر رکھنے کے ساتھ ٹرافی کی نجی تعلیمی اداروں میں بھی نمائش مقرر ہے۔
علاوہ ازیں دورہ پاکستان کے اختتام پر ٹرافی 26نومبر کو افغانستان پہنچا دی جائے گی، جہاں 28 نومبر تک اس کی نمائش ہوگی۔ اس کے بعد یہ ٹرافی 10 سے 13 دسمبر بنگلا دیش،15سے 22 دسمبر جنوبی افریقا میں رہے گی۔
بعد ازاں 25 دسمبر سے 5 جنوری تک آسٹریلیا میں چیمپئنز ٹرافی کا ٹور ہوگا۔ 6 سے 11جنوری نیوزی لینڈ،12سے 14 جنوری انگلینڈ میں ٹور ہوگا اور آخر میں 15سے 26جنوری تک بھارت میں چیمپئنز ٹرافی کا ٹور ہو گا۔
اب تک ٹرافی کے اس ٹور کا آغاز اسلام آباد سے ہو چکا ہے، جہاں دامن کوہ، فیصل مسجد اور پاکستان مونومنٹ میوزیم، تعلیمی اداروں اور مختلف مقامات پر چیمپئنز ٹرافی کی نمائش ہو چکی ہے۔ ٹرافی نے اب تک ٹیکسلا، خانپور، ایبٹ آباد، مری اور نتھیا گلی کا دورہ بھی کرلیا ہے۔

