لاہور(اسپورٹس ڈیسک)فرسٹ کلاس کرکٹ میں فاسٹ بولر محمد عباس نے سابق کپتان عمران خان کا ریکارڈ برابر کردیا۔فاسٹ بولر فرسٹ کلاس کرکٹ میچ میں 13ویں مرتبہ 10 وکٹیں حاصل کرکے قومی ٹیم کے سابق کپتان عمران خان کے برابر آگئے۔یہ سنگ میل محمد عباس نے قائداعظم ٹرافی کے5 ویں رائونڈ میں لاہور بلوزکی طرف سے کھیلتے ہوئے فاٹا ریجن کے خلاف عبور کیا۔ فاسٹر بولر نے پہلی اننگ میں 22 اوورز میں 6 وکٹیں حاصل کیں اور 39 رنز دیے، ان میں 10 میڈن اوور بھی شامل تھے۔دوسری اننگ میں بھی بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے فاسٹ بولر نے 35 رنز کے عوض4 وکٹیں حاصل کیں۔فرسٹ کلاس کرکٹ میں 13 ویں مرتبہ 10 وکٹیں حاصل کرنے پر محمد عباس، وسیم اکرم، وقار یونس اور عمران خان جیسے لیجنڈری فاسٹ بولرز کی فہرست میں شامل ہوگئے۔

