راولپنڈی (اسپورٹس ڈیسک)قائد اعظم ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ کے 5ویں اور آخری رائونڈ کے آخری روز فیصل آباد ، ایبٹ آباد ، سیالکوٹ ، بہاولپور اور پشاور نے اپنے اپنے میچ جیت لیے ۔شعیب اختر اسٹیڈیم راولپنڈی میں پشاور نے راولپنڈی کے خلاف دلچسپ مقابلے کے بعد 26 رنز سے کامیابی حاصل کی۔راولپنڈی کو میچ جیتنے کے لیے241 رنز کا ہدف ملا تھا لیکن ٹیم 214 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی۔عمر امین 65 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے ، نیاز خان اور معاذ صداقت نے 3,3 وکٹیں حاصل کیں۔میرپور اسٹیڈیم میں سیالکوٹ نے کراچی بلوز کو 8 وکٹوں سے ہرا دیا۔سیالکوٹ کو جیت کے لیے 99 رنز کا ہدف ملا تھا جو اس نے 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ اس سے قبل کراچی بلوز دوسری اننگز میں 224رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی۔سیف اللہ بنگش نے 105 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی ، محمد علی نے 5 وکٹیں حاصل کیں۔نیشنل گرائونڈ میں فیصل آباد نے اسلام آباد کو 247 رنز سے شکست دے دی۔اسلام آباد کی ٹیم 396 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 148 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی، شہزاد گل اور اسد رضا نے4,4 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا ۔ ایبٹ آباد اسٹیڈیم میں بہاولپور نے کراچی وائٹس کو 198 رنز سے ہرا دیا۔کراچی وائٹس کو جیت کے لیے 301 رنز کا ہدف ملا تھا لیکن وہ صرف 102 رنز بنا سکی، مہران سانول نے 5 وکٹیں حاصل کیں۔ڈائمنڈ گرائونڈ میں کھیلے گئے میچ میں ایبٹ آباد نے حیدر آباد کو 249 رنز سے ہرا دیا، حیدر آباد کی ٹیم 345 رنز کے ہدف کے تعاقب میں صرف 95 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

