ابوظہبی (اسپورٹس ڈیسک):بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد اظہر الدین نے ناردرن واریئرز کے لئے پھر مینٹوربن گئے ،بھارت کے لئے 99 ٹیسٹ میچ کھیلنے والے لیجنڈری بلے باز3 سال بعد واریئرز کیمپ میں واپس آئے ہیں جو فرنچائز اپنی تیسری ٹرافی کے لئے کوشش کررہی ہے۔اظہرالدین کی رہنمائی میں واریئرز نے سیزن کا آغاز دہلی بلز کو 7 وکٹوں سے شکست دیکر کیا۔ میچ کے بعد 61 سالہ کرکٹر نے یواے ای کے کھلاڑیوں کی ترقی کی تعریف کی اور وضاحت کی کہ کس طرح تجربہ کار کرکٹ اسٹارز کی موجودگی ٹیلنٹ کو مزید پروان چڑھا سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ابوظبی ٹی 10 کے لیے تجربہ کار کھلاڑیوں کا ہونا بہت ضروری ہے تاکہ مقامی ٹیلنٹ کو پروان چڑھایا جا سکے۔ وہ یہاں کئی مرتبہ آچکے ہیں اور چند سال قبل متحدہ عرب امارات کے کھلاڑیوں کے لیے 7 دن تک کیمپ بھی لگایا تھا۔ گزشتہ سال کے دوران متحدہ عرب امارات میں کچھ اچھے کھلاڑی سامنے آئے ہیں۔اظہرالدین نے لیگ میں مزید بھارتی ٹیلنٹ اور کوچز کو لانے کی ضرورت پر زور دیا اور وضاحت کی کہ اس سے یواے ای کی کرکٹ کو کس طرح آگے بڑھایا جاسکتا ہے۔

