پارل:قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے جنوبی افریقا کے خلاف ٹی20 سیریز میں ناکامی کے بعد ون ڈے سیریز میں بہتر کارکردگی کا عزم ظاہر کیا ہے۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے محمد رضوان نے کہا کہ ٹیم کا مکمل فوکس ون ڈے سیریز جیتنے پر ہے تاکہ چیمپئنز ٹرافی کی تیاری کو مضبوط بنایا جا سکے۔
ٹی20 کے بعد نیا ہدف
محمد رضوان کا کہنا تھا کہ ٹی20 کے نتائج توقعات کے مطابق نہیں رہے، لیکن مایوسی کے بجائے اب ون ڈے فارمیٹ پر توجہ مرکوز ہے۔ ’’ہم نے آسٹریلیا اور زمبابوے کے خلاف ون ڈے سیریز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور ہماری کوشش ہوگی کہ اس سلسلے کو جنوبی افریقا کے خلاف بھی جاری رکھیں۔‘‘
چیلنجز اور پلاننگ
قومی ٹیم کے کپتان نے تسلیم کیا کہ جنوبی افریقا کو ہوم گراؤنڈ کا فائدہ ہوگا، لیکن اس دباؤ کا مقابلہ کرنے کے لیے ہر شعبے میں بہترین کارکردگی دکھانی ہوگی۔ ان کا کہنا تھا، ’’کنڈیشنز کا سامنا کرتے ہوئے ٹیم ورک کے ذریعے فتح ہمارا ہدف ہے، اور ہم ’ہم‘ کے جذبے کے ساتھ کھیلیں گے۔‘‘
ٹیم کی مضبوطی اور اتحاد
محمد رضوان نے ٹیم کے اتحاد کو سب سے بڑی طاقت قرار دیا اور کہا کہ ٹیم کے تمام کھلاڑی کپتان کی طرح سوچتے ہیں۔ سینئر اور جونیئر کھلاڑیوں کے مابین مکمل ہم آہنگی ہے اور سب کا فوکس ایک ہی ہے، یعنی جیتنا۔
کنڈیشنز کا چیلنج
قومی ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے بیرون ملک کنڈیشنز کو ہمیشہ چیلنجنگ قرار دیا لیکن ساتھ ہی اعتماد ظاہر کیا کہ ٹیم مختلف کنڈیشنز میں کھیلنے کے تجربے سے فائدہ اٹھا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کنڈیشنز کے مطابق حکمت عملی بنا کر آگے بڑھیں گے اور ٹیم کا کمبی نیشن اسی بنیاد پر ترتیب دیا جائے گا۔

