ایڈنبر ا(اسپورٹس ڈیسک )اسکاٹش جونیئر اوپن اسکواش ٹورنامنٹ میں پاکستانی کھلاڑیوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4مختلف کیٹیگریز میں ٹائٹلز اپنے نام کرلیے۔ 3 دیگر ایج کیٹیگریز میں پاکستانی پلیئرز نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ایڈنبرا میں ہونے والے ایونٹ میں پاکستان نے بوائز انڈر 13، بوائز انڈر 15، بوائز انڈر17اور گرلز انڈر 13کیٹیگریز میں کامیابی حاصل کی۔بوائز انڈر 13 کے فائنل میں پاکستان کے سہیل عدنان نے اسپین کے ایٹزل ریگیورو گارشیا کو 0-3 سے شکست دے کر ٹائٹل جیتا۔ بوائز انڈر 15 کے فائنل میں حذیفہ شاہد نے سنگاپور کے ریحان سنگھ کے خلاف سخت مقابلے کے بعد 2-3سے کامیابی حاصل کی۔بوائز انڈر 17 میں پاکستان کے اذان خان نے سوئٹزرلینڈ کے لینڈرو ووگیل کو مات دے کر پہلا گولڈ میڈل جیتا جبکہ گرلز انڈر 13 کیٹیگری میں ماہنور علی نے بھارت کی دیوانشی جین کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔دیگر کیٹیگریز میں بھی پاکستانی کھلاڑیوں نے نمایاں کارکردگی دکھائی۔ بوائز انڈر 13 میں سخی خان ترین نے تیسری پوزیشن حاصل کی جبکہ گرلز انڈر 15 میں سحرش علی اور گرلز انڈر 17 میں مہوش علی نے بھی تیسری پوزیشن حاصل کی۔

