کراچی ( اسپورٹس ڈیسک) ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کراچی کے زیر اہتمام ووڈ ورڈ ٹرافی انڈر-17 انٹر زونل کرکٹ ٹورنامنٹ میں گزشتہ روز زو ن پانچ وائٹس کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر پہلی پوزیشن حاصل کرکے جبکہ زون پانچ وائٹس ہارنے کے باوجود دوسری پوزیشن حاصل کرکے کوارٹر فائنل میں پہنچ گئیں۔ لانڈھی جمخانہ گراؤنڈ پر کھیلے گئے میچ میں زون پانچ وائٹس پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 110 رنز بنا کر آئوٹ ہوگئی۔رحیم شاہ نے 6 چوکوں کی مدد سے 41 اور محمد خان نے 30 رنز بنائے ۔ میڈیم پیسر انس بلوچ نے 20 رنز دیکر 4، محمد معاذ مقبول اور نظام الدین نے 2-2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ جواب میں زون تین وائٹس نے 4 وکٹوں کے نقصان پر مطلوبہ 112 رنز بنا لیے۔ محمد حمزہ نے 4 چوکوں کی مدد سے 51 اور حیدر علی نے 19 رنز بنائے ۔ محمد خان اور محمد حسنین نے 2-2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ میچ کے اختتام پر زون پانچ کے سیکرٹری سعید جبار نے زون تین وائٹس کے انس بلوچ کو میڈی کیم مین آف دی میچ ایوارڈ دیا۔ ینگ فائٹر گراؤنڈ پر کھیلے گئے دوسرے میچ میں زون ایک بلوز نے زون دو گرین کو 112 رنز سے ہرا دیا۔ زون ایک بلوز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 5 وکٹوں کے نقصان پر 229 رنز بنائے۔ محمد یعقوب نے 10 چوکوں کی مدد 64، محمد عثمان نے 7 چوکوں کی مدد 59 اویس عرفان نے 38 اور مدثر خان نے 26 رنز بنائے۔ محمد داؤد اور محمد ہادی معراج نے 2-2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا ۔ جواب میں زون دو گرین 117 رنز بنا کر آئوٹ ہوگئی۔ محمد مدثر صدیقی نے 4 چوکوں کی مدد 57 رنز بنائے۔ میڈیم پیسر مدثر خان نے 26 رنز دیکر 4 انشال نواب نے 8 رنز دیکر 3 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ کھیل کے اختتام پر زون ایک صدر اجمل نصیب نے زون ایک بلوز کے مدثر خان کو میڈی کیم مین آف دی میچ ایوارڈ دیا۔

