English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

نیو آرلینز میں ہجوم پر گاڑی چڑھانے والا شخص شمس الدین جبار تھا، گاڑی سے داعش کا جھنڈا اور ہتھیار برآمد

امریکہ کے تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی نے نیو اورلینز میں نئے سال کا جشن منانے والے ہجوم پر گاڑی چٖڑھا دینے اور پھر گولیاں چلانے والے شخص کی شناخت شمس الدین جبار کے نام سے کی ہے اور وہ امریکی شہری ہے۔

قبل ازیں، علی الصبح ہونے والے واقعہ کو پولیس نے ممکنہ دہشت گرد حملہ قرار دیا تھا جس میں دس افراد ہلاک جبکہ 35 زخمی ہو گئے تھے۔

فیڈرل بیورو آف انویسٹی گیشن نے ایک بیان میں کہا کہ 42 سالہ جبار کا تعلق ریاست ٹیکساس سے اور وہ پولیس کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں ہلاک ہو گیا تھا۔

تحقیقاتی ادارے نے بتایا کہ حملہ آور کی گاڑی سے دہشت گرد تنظیم داعش کا جھنڈا ملا ہے اور ادارہ اس شخص کے اس تنظیم کے ساتھ ممکنہ تعلقات کا تعین کر رہا ہے۔


ایف بی آئی کے ڈائریکٹر کرسٹوفر رے کانگریس کمیٹی میں داعش کے خطرے سے متعلق بیان دے رہے ہیں۔ 11 اپریل 2024

ایف بی آئی کے ڈائریکٹر کرسٹوفر رے کانگریس کمیٹی میں داعش کے خطرے سے متعلق بیان دے رہے ہیں۔ 11 اپریل 2024

تفتیش کاروں کو مشتبہ شخص کی گاڑی میں ہتھیار اور ایک دھماکہ خیز ڈیوائس بھی ملی۔

اس کے علاوہ شہر کے فرینچ کوارٹر کے نام کے جائے وقوعہ پر بھی دھماکہ خیز ڈیوائسز بھی ملی ہیں۔

خبر رساں ادارے رائٹرز نے ایف بی آئی کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ ایسا لگتا ہے کہ حملے میں استعمال ہونے والی گاڑی کرائے پر لی گئی تھی۔

حملہ آور امریکی فوج میں کئی سال تک خدمات سرانجام دے چکا ہے، تاہم اب وہ فوج میں نہیں تھا۔

ایف بی آئی فرینچ کوارٹر میں سینٹ لوئس کیتھیڈرل کے پاس اورلینز سینٹ اور بوربن سٹریٹ کے علاقے کی تحقیقات کر رہی ہے جہاں بدھ، یکم جنوری 2025 کو بوربن سٹریٹ پر پہلے ایک شخص نے اپنا ٹرک ہجوم پر چڑھانے کے بعد ایک مشکوک پیکج میں دھماکہ کیا۔ تصویر/میتھیو ہنٹن)

ایف بی آئی فرینچ کوارٹر میں سینٹ لوئس کیتھیڈرل کے پاس اورلینز سینٹ اور بوربن سٹریٹ کے علاقے کی تحقیقات کر رہی ہے جہاں بدھ، یکم جنوری 2025 کو بوربن سٹریٹ پر پہلے ایک شخص نے اپنا ٹرک ہجوم پر چڑھانے کے بعد ایک مشکوک پیکج میں دھماکہ کیا۔ تصویر/میتھیو ہنٹن)

امریکہ کے ایوان نمائندگان کے رکن ٹرائے کارٹر نے نشریاتی ادارے اے بی سی نیوز کو بتایا کہ ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 15 ہو سکتی ہے۔

تاہم، قانون نافذ کرنے والے حکام نے اس کی فوری طور پر تصدیق نہیں کی ہے۔

پولیس چیف این کرک پیٹرک نے بدھ کو ٹیلی ویژن پر نشر ہونے والی ایک پریس کانفرنس میں کہا،’’یہ شخص زیادہ سے زیادہ لوگوں کو کچلنے کی کوشش کر رہا تھا۔”

واقعہ صبح 3:15 بجے کینال اور بوربن اسٹریٹس کے چوراہے کے قریب پیش آیا، جو کہ شہر کے فرینچ کوارٹر میں ایک تاریخی سیاحتی مقام ہے۔

یہ مقام موسیقی اور بارز کے باعث بہت سے لوگوں کے لیے پرکشش ہے۔




پولیس چیف پیٹرک کے مطابق ڈرائیور راستے میں لگائی گئی رکاوٹوں سے بچتا ہوا ہجوم کی طرف آیا تھا اور لوگوں پر گاڑی چڑھانے کے بعد اس نے دو پولیس اہلکاروں کو گولی مار کر زخمی کیا تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ زخمی ہونے والے اہلکاروں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

پولیس کے مطابق واقعے کے وقت 300 سے زائد اہلکار اس جگہ پر اپنے فرائض انجام دے رہے تھے۔

نیو اورلینز ایک مشہور شہر ہے اور ہر برس نئے سال کے استقبال کے دن یہاں "شوگر باؤل” کے نام سے موسوم امریکی کالچ فٹبال کے مقبول مقابلوں کا انعقاد ہوتا ہے۔

رائٹرز نے مقامی نشریاتی اداروں نولا ڈاٹ کام اور ڈبلیو ڈی ایس یو کے حوالے سے خبر دی ہے کہ نامعلوم ذرائع کا کہنا ہے کہ شوگر باؤل ملتوی کر دیا جائے گا۔

اس خبر کو اپ ڈیٹ کیا جا رہا ہے۔

(اس خبر میں شامل زیادہ تر مواد رائٹرز سے لیا گیا ہے)

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے