English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

چیمپئنز ٹرافی کی تیاریاں عروج پر، نیشنل اسٹیڈیم کا کام 90فیصد مکمل

کراچی نیشنل اسٹیڈیم میں چمپئنز ٹرافی کے سلسلے میں تعمیراتی کام تیزی سے جاری ہیں

لاہور(اسپورٹس ڈیسک )چیمپئنز ٹرافی کی تیاریوں کے حوالے سے لاہور کے قذافی اور کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم کی اپ گریڈیشن کا 90 فیصد کام مکمل ہو گیا اب کرسیوں کی تنصیب شروع کر دی گئی ہے۔پاکستان فروری، مارچ میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کرے گا اس سے قبل کراچی، لاہور اور راولپنڈی کے میزبان وینیوز کی تزئین و آرائش جاری ہے۔قذافی اسٹیڈیم لاہور کی اپ گریڈیشن کا 90 فیصد کام مکمل ہو گیا، تماشائیوں کے بیٹھنے کیلئے عمران خان، فضل محمود، جاوید میانداد، کاردار، ظہیر عباس، سرفراز نواز اور راجہ انکلوژرز میں سلیبز رکھ دی گئی ہیں اب ان پر کرسیوں کی تنصیب کا کام بھی شروع کر دیا گیا۔ذرائع کے مطابق 37 ہزار سے زیادہ فولڈنگ کرسیاں منگوائی گئی ہیں، سبز اور سفید رنگ کی زیادہ کرسیاں لگائی جائیں گی تاکہ ایریل ویو میں قومی پرچم کا رنگ نمایاں ہو، اس کے ساتھ سرخ، نارنجی اور اورنج کلر کی کرسیاں بھی لگائی جائیں گی، پی سی بی ہیڈ کوارٹر کے دفاتر کی بلڈنگ پر پلستر کا کام مکمل ہونے کے بعد اب فرنٹ پر نقشے کے مطابق مختلف فریمز لگ رہے ہیں، اگلے 15 روز میں شیشے کا کام بھی مکمل ہونے کا قومی امکان ہے۔پلیئرز بلڈنگ میں تعمیراتی کام مکمل کرنے کے ساتھ بجلی اور ٹائٹلز ورک پر فوکس کیا گیا ہے، فار اینڈ بلڈنگ کی طرز پر پلیئرز بلڈنگ کے سامنے بھی 2نئے انکلوژرز بنائے جارہے ہیں تاکہ وہاں بھی شائقین بیٹھ کر بہتر ویو کے ساتھ میچز سے لطف اندوز ہوسکیں، بلڈنگز کے ساتھ انکلوژرز میں پینٹ کا کام بھی چل رہا ہے، تماشائیوں کو گرائونڈ میں داخل ہونے سے روکنے کے لیے خندق تیار ہو چکی ہے، اب اس کے سامنے تین فٹ کی رکاوٹی باڑ لگائی جارہی ہے تاہم اس سے تماشائیوں کے ویو میں کوئی رکاوٹ نہیں آئے گی۔لاہور میں موسم کی شدت کے باوجود تین شفٹوں میں مزدور کام کررہے ہیں تاکہ جنوری کے آخر تک اپ گریڈیشن کا تمام تر کام مکمل ہوجائے ۔ گرائونڈ اسٹاف پچز کو محفوظ کرنے کے ساتھ کھاد ڈال کر گرائونڈ کی گھاس کو تروتازہ رکھنے کے جتن کررہا ہے، ارد گرد بارش کے پانی کی نکاسی کیلئے کام بھی کافی حد تک مکمل کرلیا گیا ہے، اسٹیڈیم کے ٹاورز پر جدید لائٹس لگانے کا کام بھی شروع ہو چکا ہے، گرائونڈ میں لوہے سے تیار کردہ اسکرین کا فریم لگا دیا گیا ہے۔دوسری جانب نیشنل اسٹیڈیم کی جزوی تعمیر نو اور تزئین و آرائش کے لیے اقدامات جاری ہیں، 5 منزلہ عمارت کا انفرا اسٹرکچر تو تیار کرلیا گیا تاہم مختلف فلورز پر فنشنگ کا کام باقی ہے، گرائونڈ میں جنگلہ ہٹانے کا مرحلہ شروع ہو گیا، گرائونڈ فلور پر آئی سی سی اینٹی کرپشن یونٹ، اینٹی ڈوپنگ اور میچ آفیشلز کے کمرے بنائے جانے ہیں۔پہلی منزل پر 2 ڈریسنگ رومز کی تعمیر ہو گی، دوسری اور تیسری منزل پر ہاسپٹیلٹی باکسز بنائے جائیں گے، چوتھی منزل پر میڈیا سینٹر کی تعمیر ہونی ہے، پہلے فیز میں ہٹائے جانے والے اسکور بورڈ کی جگہ نئے ڈیجیٹل اسکور اسکرینز کی تنصیب ہو گی، جدید طرز کی ایل ای ڈی لائٹس بھی نصب کی جانی ہیں۔واضح رہے کہ نیشنل اسٹیڈیم کی تزئین و آرائش کے لیے 3 ارب 50 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں، آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ شیڈول کے تحت چیمپئنز ٹرافی میں کراچی 3 میچز کی میزبانی کرے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے