پاکستان کے اوپنر صائم ایوب دائیں ٹخنے میں فریکچر کے سبب 6 ہفتے تک انٹرنیشنل کرکٹ سے باہر ہو گئے ہیں۔
صائم ایوب کو یہ فریکچر جنوبی افریقا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے دن فیلڈنگ کرتے ہوئے ہوا تھا ، زخمی ہونے کے باعث وہ فوری طور پر میدان سے باہر چلے گئے تھے اور انہیں ہسپتال لے جایا گیا تھا۔
ٹیم مینجمنٹ نے بتایا کہ ٹیسٹ کے پہلے روز فیلڈنگ کے دوران صائم ایوب کا ٹخنہ مڑ گیا تھا۔
ایم آر آئی نے صائم ایوب کے فریکچر کی تصدیق کر دی ہے، صائم ایوب کے ٹخنے کو میڈیکل مون بوٹ سے فکس کردیا گیا ہے ۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ صائم ایوب دائیں ٹخنے میں فریکچر کے سبب انجری کا شکار ہوئے ہیں، صائم ایوب ٹیم کے ساتھ ہی رہیں گے اور ٹیسٹ ختم ہونے کے بعد ٹیم کے ساتھ وطن واپس آئیں گے۔

