کیپ ٹا ئون(اسپورٹس ڈیسک)جنوبی افریقا کیخلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں10وکٹوں کی شکست کے باجود پاکستانی ٹیم نے جنوبی افریقا میں منفرد ریکارڈ بناڈالا۔ پروٹیز کیخلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کی دوسری اننگز میں پاکستان نے فالو آن کا شکار ہونے کے بعد 478 رنز کا مجموعہ بورڈ پر لگایا، جس میں کپتان شان مسعود کے 145 اور بابراعظم کے 81 رنز شامل تھے۔ جنوبی افریقا میں 136 برس کے طویل کے عرصے بعد کسی ٹیم نے 400 رنز کا ہندسہ عبور کیا، یہ بھی پہلی بار ہوا ہے کہ کسی مہمان ٹیم نے پروٹیز کیخلاف فالو آن کا شکار ہونے کے بعد 400 سے زائد رنز بورڈ پر لگائے ہوں۔ اس سے قبل 122سال قبل1902میں آسٹریلیا نے جوہانسبرگ میں فالو آن کا شکار ہونے کے بعد 372/7 رنز بنائے تھے۔جنوبی افریقا میں فالو آن کے بعد سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ میزبان ملک کے پاس ہے، جس نے 1999میں ڈربن میں انگلینڈ کے خلاف 572 رنز بنائے تھے۔خیال رہے کہ کیپ ٹائون میں کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقا نے پہلی اننگز میں 615رنز کا پہاڑ کھڑا کیا تھا، جس کے جواب میں قومی ٹیم محض194رنز بناکر فالو آن کا شکار ہوگئی تھی، بعدازاں دوسری اننگز میں گرین شرٹس نے کپتان شان مسعود کے 145اور بابراعظم کے 81 کی مدد سے 478رنز بورڈ پر لگائے تھے۔ قومی ٹیم نے 57 رنز کی برتری حاصل کی تھی، پروٹیز نے 58 رنز کا ہدف محض7.1اوورز حاصل کرلیا۔
