English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

ڈومیسٹک کرکٹ میں کھلاڑیوں کیلیے ناقص سہولیات پر محمد حفیظ کی پی سی بی پر کڑی تنقید

Former captain

کراچی:قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد حفیظ نے ڈومیسٹک کرکٹ میں کھلاڑیوں کو فراہم کی جانے والی ناکافی سہولیات پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے فرسٹ کلاس میچز کے دوران کھلاڑیوں کو درپیش بنیادی مسائل کو اجاگر کیا اور بورڈ کی ترجیحات پر سوال اٹھایا۔

محمد حفیظ، جو ایس این جی پی ایل کے کوچ کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں، نے انکشاف کیا کہ فرسٹ کلاس میچز میں ڈریسنگ رومز کی عدم دستیابی کے علاوہ کھلاڑیوں کے لیے پانی اور واش روم جیسی بنیادی سہولیات کا بھی فقدان ہے۔ انہوں نے کہاکہ پی سی بی کو اپنی ترجیحات پر نظر ثانی کرنی چاہیے۔ چیمپینز کپ کو کامیاب بنانے پر توجہ دی گئی، لیکن ڈومیسٹک کرکٹ کے مسائل کو نظر انداز کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے اسٹرائیکر کیمپ کے انعقاد کے وقت پر بھی تنقید کی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ کیمپ آف سیزن میں ہونا چاہیے تھا، نہ کہ ایسے وقت میں جب فرسٹ کلاس کرکٹ کے مقابلے جاری ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ فرسٹ کلاس پلیئرز کو اچانک کیمپ میں بھیجنا ان کے کھیل پر منفی اثر ڈال سکتا ہے۔

محمد حفیظ نے چیمپینز ٹرافی کے لیے کیے جانے والے اقدامات کو سراہا، لیکن ساتھ ہی ڈومیسٹک کرکٹ کو نظر انداز کرنے پر تحفظات کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ چیمپینز ٹرافی کے لیے اربوں روپے خرچ کرنا اچھی بات ہے، لیکن ڈومیسٹک کرکٹ کو بھی اسی اہمیت کے ساتھ چلانا چاہیے۔

حفیظ نے نوجوان کھلاڑی صائم ایوب کی صلاحیتوں کی تعریف کی اور امید ظاہر کی کہ وہ اگلے 10 سے 15 سال پاکستان کے لیے کھیل سکتے ہیں۔ انہوں نے فخر زمان کی چیمپینز ٹرافی میں واپسی کو بھی مثبت پیش رفت قرار دیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے